محرم میں اتحاد و یگانگت کا عملی مظاہرہ خوش آئند ہے: میاں محمد جمیل
لاہور (خصوصی نامہ نگار) محرم میں اتحاد و یگانگت کا عملی مظاہرہ خوش آئند ہے۔ امت متحد ہوجائے تو ناقابل تسخیر بن جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار تحریک دعوت توحید کے مرکزی قائد میاں محمد جمیل نے جامع مسجد علی بن ابی طالب مورو سندھ میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نواسہ رسولؐ سیدنا حسینؓ کے فضائل و مناقب سے نئی نسل کو آگاہ کیا جائے ۔ میاں محمد جمیل نے کہا کہ سیدنا حسین ؓ کی پاکیزہ زندگی ہر شخص کی رہنمائی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت عقیدہ توحید و ختم نبوت پر متحد ہوجائے ، امہات المومنین، صحابہ کرامؓ کی پاکیزہ زندگیوں کو مشعل راہ بنایا جائے۔ میاں محمد جمیل نے کہا کہ سیدنا حسنؓ سیدنا حسینؓ اتحاد امت اور انسانیت کی رہنمائی کا استعارہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج ضرورت ہے کہ پورے عالم اسلام میں سیدنا حسنین کریمین ؓ کا فلسفہ اتحاد امت عام کیا جائے۔ میاں محمد جمیل نے کہا کہ سیدنا حسنؓ و سیدنا حسینؓ نے نانا جان کے دین حفاظت اور تبلیغ و اشاعت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی تھی اور نبی کریمؐ کی تعلیمات عام کرکے اسلام کو ہر قسم کی بدعات و خرفات سے پاک رکھا۔ میاں محمد جمیل نے کہا کہ نئی نسل سیدنا ابوبکر صدیقؓ ، سیدنا عمر فاروقؓ ، سیدنا عثمان غنیؓ ، سیدنا علی المرتضیٰؓ، سیدنا حسنؓ و سیدنا حسین ؓ کی زندگیوں کا مطالعہ کرکے رہنمائی حاصل کرے اور معاشرے میں انقلاب لائے۔