• news

پاکستان کرکٹ بورڈ کا ڈومیسٹک سیزن کیلئے کوچز کا اعلان

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک سیزن 22-2021 کیلئے کوچزکا اعلان کردیا۔پی سی بی کے مطابق 266 میچزکیلئے 6 کرکٹ ایسوسی ایشنزمیں شامل 42 ٹیموں کے کوچزکا اعلان کیا گیا ہے، تقرریوں کا عمل پرفارمنس کا جائزہ لینے کے بعد مکمل کیا گیا ہے۔کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ عبدالرزاق کو سنٹرل پنجاب کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے، اکرم رضا اور ہمایوں فرحت کو سیکنڈ الیون سے ترقی دیدی گئی ہے جبکہ شاہد انور کو سدرن پنجاب فرسٹ الیون کا کوچ مقرر کر دیا گیا ہے۔پی سی بی کے مطابق اعزاز چیمہ اسسٹنٹ کوچ اور عرفان فاضل فیلڈنگ کوچ ہوں گے، عبدالرحمٰن کو خیبر پی کے کی ذمہ داریاں دی گئی ہیں جبکہ رفعت اللہ مہمند اور محمد صدیق کوچنگ سٹاف میں شامل ہیں۔اعجاز احمد جونیئرکو ناردرن فرسٹ الیون کا کوچ مقرر کیا گیا ہے، سمیع اللہ نیازی اور فہد اکرم ناردرن ٹیم کے کوچنگ سٹاف میں شامل ہونگے۔ سابق کرکٹر باسط علی سندھ اور فیصل اقبال بلوچستان فرسٹ الیون کے ہیڈ کوچ برقرار رہیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن