مسلمانوں کے اختلافات کا واحد حل قرآن و سنت پر اجتماع ہے : مولانا فضل الرحمن بن محمد
لاہور (خصوصی نامہ نگار ) انجمن اہلحدیث لاہور کے صدر اور جامع محمد ی سنت نگر فردوس پارک کے خطیب مولانا فضل الرحمن بن محمد نے جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فروغ اسلام کے ساتھ ہی خلاف اسلام سازشیں شروع ہوگئی تھیں جو آج تک جاری ہیں۔ اللہ کریم نے قرآن میں واضح فرمایا ہے کہ اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رکھو اور وہ صرف قرآن و سنت پر اجتماع کی صورت میں ہی ممکن ہے۔ نبی کریم نے بھی مسلمانوں کی مشکلات کے ازالے کے لیے آپس کے اتفاق و اتحاد پرزور دیا ہے۔ ہم اپنی تاریخ کا مطالعہ کریں اور فیصلہ کریں کہ کہاں کہاں ہم سے خطا ہوئی انہوں نے مزید کہا کہ اصلاح کے نام پر فتنہ و فساد برپا کرنے والے جہنمی ہیں۔ ایک اللہ اور ایک رسول پر ایمان لانے کے باوجود ہم بھٹکے اور آپس مین دست و گریباں ہیں۔ مسلم امہ کو بیٹھ کر پوری سنجیدگی اور سچائی سے سوچنا ہوگا کہ ہم اب تک غیروں کی سازشوں کا شکار بنتے رہیں گے۔ اللہ کا وعدہ ہے کہ تم ہی غالب رہو گے اگر تم مومن ہو گے آپس میں لڑنے اور ایک دوسرے کو برا بھلا کہنے سے ہمارے مسائل میں کمی کی بجائے اضافہ ہی ہوگا۔