پاکستان گوادر حملے کی جامع تحقیقات، مجرموں کوسخت سزا دے،چین
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) چینی سفارتخانے نے گوادر میں ہونے والے خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ پاکستان میں چینی سفارت خانے نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ 'چین دہشت گردی کے اس فعل کی شدید مذمت کرتا ہے، دونوں ممالک کے زخمیوں کے ساتھ مخلصانہ ہمدردی کا اظہار کرتا ہے اور پاکستان میں بے گناہ متاثرین سے گہری تعزیت کا اظہار بھی کرتا ہے۔ بیان میںکہا گیا کہ پاکستان میں چینی سفارت خانے نے پاکستان سے کہا کہ وہ زخمیوں کا مناسب علاج کرے، حملے کی مکمل تحقیقات کرے اور قصورواروں کو سخت سے سخت سزائیں دے۔بیان میں کہا گیا کہ پاکستان میں تمام سطح پر متعلقہ محکموں کو لازمی طور پر مضبوط حفاظتی اقدامات اور اپ گریڈ شدہ سکیورٹی تعاون میکانزم کو نافذ کرنے کے لیے عملی اور مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے، تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ اس طرح کے واقعات دوبارہ نہ ہوں۔ حالیہ وقتوں میں پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال انتہائی خراب ہوئی ہے، پے درپے کئی دہشت گردی کے حملے ہو رہے ہیں جس کے نتیجے میں کئی چینی شہریوں کی ہلاکتیں ہوئیں۔ بیان میں کہا گیا کہ 'سفارت خانہ، پاکستان میں موجود چینی شہریوں کو چوکس رہنے، حفاظتی احتیاطی تدابیر کو مضبوط بنانے، غیر ضروری باہر جانے کو کم کرنے اور مؤثر حفاظتی اقدامات کی یاد دہانی کراتا ہے'۔