حکومتی انتخابی اصلاحات مسترد،3سالہ کار گردگی پروائٹ پیپر لائیں گے:پی ڈی ایم
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+نوائے وقت رپورٹ) احسن اقبال کی زیرصدارت پی ڈی ایم کی سٹینڈنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔ سٹینڈنگ کمیٹی نے یکطرفہ انتخابی اصلاحات کو عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالنے کا منصوبہ قرار دے دیا۔ پی ڈی ایم اجلاس کے بعد شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ جمہوری عمل میں غیرآئینی مداخلت ختم ہونی چاہئے۔ پی ڈی ایم کے تحت ملک میں جلسے اور ریلیاں ہوں گی جس کا شیڈول طے کیا گیا ہے۔ اجلاس میں آٹھ جماعتوں نے شرکت کی 28 اگست کو کراچی میں پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس ہوگا 29 اگست کو پی ڈی ایم کا کراچی میں جلسہ ہوگا۔ پی ڈی ایم اپوزیشن کا اتحاد ہے جو آئین کی بالادستی کی بات کرتا ہے۔ نام نہاد الیکشن ریفارمز آئین و قوانین سے متصادم ہیں۔ ای وی ایم عوامی رائے پر ڈاکہ ڈالنے کا منصوبہ ہے 6 مہینے پہلے چارٹر فار پاکستان کا اعادہ کیا تھا اس پر کام ہوا تھا۔ کمیٹی بنائی گئی جو میثاق پاکستان کو مکمل کرے گی اور سربراہی اجلاس میں رکھے گی۔ پی ڈی ایم نے حکومتی اصلاحات کو مسترد کردیا ہے۔ حکومت کی تین سالہ کارکردگی بارے چند دنوں میں بتائیں گے۔ وائٹ پیپر جاری کریں گے تمام جماعتوں نے ای وی ایم کو مسترد کردیا ہے۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا مقصد الیکشن میں چوری کو سہارا دینا ہے۔ جب تک الیکشن میں مداخلت ہوتی رہے گی جمہوریت آگے نہیں بڑھے گی۔