بلوچستان : بارودی سرنگ دھماکہ، کیپٹن شہید، نماز جنازہ میں آرمی چیف کی شرکت
راولپنڈی (خبر نگار خصوصی‘ نمائندہ نوائے وقت) بلوچستان کے علاقے گچک میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دہشتگرد حملے میں شہید کیپٹن کاشف کو فوجی اعزاز کے ساتھ راولپنڈی میں سپردخاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی شرکت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ رات دہشت گردوں کی جانب سے بلوچستان کے علاقے ٹوبو میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کو بارودی سرنگ کی مدد سے نشانہ بنایا گیا جس میں کیپٹن کاشف کی شہادت ہوئی۔ جبکہ 2 جوان زخمی ہو گئے۔ نماز جنازہ میں جنرل قمر جاوید باجوہ، اعلی عسکری حکام، شہید کے عزیزواقارب اور اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے بلوچستان میں آئی ای ڈی دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں، قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، سکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر آئی ای ڈی سے دہشت گرد حملے کی مذمت کی ہے۔ اپنے بیان میں وزیر داخلہ نے کیپٹن کاشف کی شہادت کی اطلاع پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے ہماری فورسز کے حوصلے پست نہیں کرسکتے، دہشتگردوں کا پوری قوت کے ساتھ مقابلہ کررہے ہیں۔ ان کو شکست فاش دینگے۔ علاوہ ازیں شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (آئی بی او) کرتے ہوئے ایک دہشت گرد کو ہلاک کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک دہشت گرد سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا۔ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔