پاک افغان طورخم بارڈر کرونا کے باعث بدستور بند
پشاور(صباح نیوز)کرونا پابندیوں کے باعث پاک افغان بارڈر طورخم پر آمدورفت بدستور بند ہے، پابندی کے تحت پاکستان کے شہری افغانستان اور افغان شہری پاکستان نہیں آسکتے، صرف افغانستان میں پھنسے پاکستانیوں کو طورخم سرحد سے ملک آنے دیا جا رہا ہے۔ڈپٹی کمشنر خیبر منصور ارشد نے ایک نجی ٹی وی کو بتایا کہ پابندی کے تحت پاکستان کے شہری ویزا ہونے کے باوجود افغانستان اور افغانستان کے شہری بھی سرحد پار پاکستان نہیں آسکتے۔افغانستان سے آنے والے بیمار افراد کو انسانی ہمدردی کے تحت سہولت فراہم کی جارہی ہے جبکہ افغان شہریوں کو طورخم سرحد سے واپس جانے دیا جارہا ہے۔اس کے علاوہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی سرگرمیاں بحال ہیں اور روزانہ 700 سے زیادہ گاڑیوں کی آمدورفت جاری ہے۔