• news

پی پی چیئرمین سینٹ کیخلاف تحریک لائے‘ کامیابی پر مرکز‘ پنجاب میں لائیں گے: احسن اقبال

لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے پیشکش کی ہے کہ پیپلزپارٹی والے سینٹ چئیرمین کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائیں اگر وہاں کامیاب ہو گئے تو پھر ہم بھی مرکز اور صوبہ پنجاب  میں  تحریک عدم اعتماد لے آئیں گے۔ صوبہ پنجاب میں  پیپلزپارٹی  کے پاس چھ سیٹیں ہیں اگر قابل عمل تجویز  ہے تو بتائیں۔ انہوں  نے کہا کہ  انیس سو ترانوے کے ان کے اثاثوں کے مقابلے میں ایک روپے کا اضافہ نہیں ہوا۔ گھر جلا کر سیاست  اس لئے نہیں کی حکومت کے کرائے کے ترجمانوں سے جھوٹے الزامات سنیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ  جب بھی حکومت ناکامی کی وکٹ پر بولڈ ہوتی تو عوامی توجہ ہٹانے کیلئے اپوزیشن پر جھوٹا کیس دائر کر دیا جاتا ہے۔ نارووال سپورٹس سٹی کا کیس جو مجھ پر غلط ثابت ہوا جس کی گواہی دشمنوں نے دی۔ اب ایک اور  جھوٹا نیا کیس کھول دیا گیا جس میں الزام لگایا گیا کہ شہباز شریف نے میرے بھائی کو غلط ٹھیکہ دیا جو جھوٹ پر مبنی ہے۔ اس کا مقصد جھوٹے الزامات سے کردار کشی کرنا ہے۔ تین سالوں سے کردار کشی کی بات چل رہی ہے۔ خدا کو حاضر و ناظر جان کر کہتا ہوں کہ دو ہزار اٹھارہ تک کا دور ملکی تاریخ میں ترقی کا دور تھا۔ احسن اقبال نے کہا کہ  نوازشریف نے وزارت منصوبہ و ترقی کی ذمہ ساری سی پیک کی ذمہ داری دی۔ بتیس سو ارب روپے وزارت منصوبہ بندی نے ترقیاتی منصوبوں کیلئے جاری کئے۔ عمران خان، شہزاد اکبر، ایم آئی، آئی ایس آئی کو شامل کر لیں بتیس سو ارب روپے سے بتیس روپے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکیں گے۔ کیونکہ ہم نے  عوام کے پیسے کو امانت سمجھ کر خرچ کیا۔ عمران خان مجھ سے کم انکم ٹیکس دیتا ہے۔ اس سے زیادہ میں دیتا ہوں جبکہ  کرائے کے ایک کنال کے مکان میں رہتا اور بمشکل گزارا کرتا ہوں۔ لیکن جو  مجھ سے کم انکم ٹیکس دیتا ہے وہ مجھ سے بڑے محل میں رہ کر کیسے گزارا کرتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن