• news

 سائنس و ٹیکنالوجی سے حاصل فوائد میں مزید تیزی کیساتھ اضافہ ناگزیر،شبلی فراز 

اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے عصر حاضر کاتقاضہ ہے کہ سائنس اور ٹیکنالوجی سے حاصل ہونے والے فوائد میں مزید تیزی کے ساتھ اضافہ کیا جائے تاکہ اقوام عالم ان ثمرات سے مستفید ہو سکے۔ اس امر کے لیے خاص طور پرسائنسی تحقیق کو کمرشل بنیادوں پر استوار کرنے کی ضرورت ہے۔ گذشتہ روز اسلام آباد میں کمیشن برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی آف پائیدار ترقی کے دورے کے دوران وفاقی وزیرنے کمیشن پر زور دیا کہ پاکستان اور دیگر ترقی پذیر ممالک کو اپنے ترقیاتی عمل کو مزید فعال بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی اشد ضرورت ہے۔اس موقع پر وفاقی سیکرٹری برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اورکامسیٹس کے موجودہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر اختر نذیر اور ایڈیشنل سیکرٹری میجر قیصر مجید ملک بھی ان کے ہمراہ تھے۔اس موقع پروفاقی وزیر اور وفاقی سیکرٹری نے کامسیٹس کے عہدیداروں کی آرا اور تجاویزکو قابل عمل قرار دیتے ہوئے ادارے کے موجودہ کردار کو سراہا۔ وفاقی وزیر شبلی فراز نے کامسیٹس کیموجودہ بین الاقوامی مینڈیٹ کو مزید فعال بنانے کی حکمت عملی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وقت کا تقاضہ ہے کہ تمام اہم اور دانشمندانہ امورپر مشاورت کی جائے۔  

ای پیپر-دی نیشن