• news

عمران اور ٹائوٹ کھربوںکی کرپشن سے 45 لاکھ کے الزام پر آگئے: مریم اورنگزیب

لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پارٹی صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کے خلاف نیب اور حکومت کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تین سال میں نوازشریف اور شہبازشریف کے خلاف عمران صاحب کا ہر الزام جھوٹا ثابت ہوا اور ثبوت مانگنے پر عمران صاحب، ان کے ٹائوٹ اور ایجنٹ عدالتوں سے فرار ہوگئے۔ کھربوں روپے کے الزامات اب 45 لاکھ کے پھول بوٹوں کے الزامات کی سطح پر آچکے ہیں۔ آٹا چینی کی قیمت جب بھی بڑھانا ہو، کوئی نیا فراڈ کرنا مقصود ہو، مہنگائی یا حکومت کی کرپشن، نااہلی چھپانی ہو تو حکومت اپوزیشن لیڈر پر جھوٹے، بے بنیاد اور ثبوت سے محروم الزامات لگانا شروع کردیتی ہے تاکہ ملک وقوم کو درپیش اصل مسائل سے عوام کی توجہ ہٹائی جاسکے۔ تین سال سے احتساب کے نام پر عمران صاحب کا بدبودار سیاسی انتقام کا تسلسل جاری ہے۔ 3300 ارب کے منصوبے مکمل کرنے والے شہبازشریف پر اب 45 لاکھ کے پھول بوٹے کا کیس بنایا جارہا ہے جو حکمرانوں کی ذہنی بدحالی اور الزامات ختم ہوجانے کا ثبوت ہے۔ لاہور ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کے فیصلے گواہی دے رہے ہیں کہ ایک دھیلے کی کرپشن کا الزام ثابت نہیں ہوسکا۔ اتوار کو پارٹی رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عوام پر مہنگائی کا ظلم ڈھانے والے حکمران ہر مہینے ایک نیا تماشا اور ڈرامہ کرتے ہیں۔ احسن اقبال کے بھائی کو ٹھیکہ دینے کے لئے شہبازشریف پر ڈائریکشن دینے کا الزام لگایا گیا جو جھوٹ اور بے بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو جس الزام میں طلبی کا نوٹس آیا ہے، اس میں نہ صرف جواب جمع کرایا جاچکا ہے۔ انہوں نے کہا  ملک میں ایک نئی اینٹ تو نہیں لگائی لیکن 16000 ارب کا قرض لے لیا۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ چوری انہوں نے کی جن کے 23 خفیہ غیرقانونی فارن فنڈنگ کے اکائونٹس پکڑے گئے، جو الیکشن کمشن سے چھ سال سے مفرور ہیں اور الیکشن کمشن میں جن کے خلاف سال ہا سال سے فارن فنڈنگ کیس زیرالتوا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن