وزیراعظم کا ٹین بلین ٹری انقلابی منصوبہ: ڈاکٹر عشرت حسین
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) مشیر وزیراعظم /سابق گورنر سٹیٹ بنک آف پاکستان ڈاکٹر عشرت حسین نے ڈی سی آفس کا دورہ کیا اور کمپلیکس کے سبزہ زار میں وزیراعظم ٹین بلین ٹری منصوبے کے تحت پودا لگایا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد علی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز فضل ربی چیمہ، عفیفہ شاجیعہ،اسسٹنٹ کمشنر صدر عمر مقبول نے بھی پودے لگائے۔ مشیر وزیر اعظم نے کہا کہ ماحول کو آلودگی سے بچانے اور آئندہ نسل کوخوشگوار و سرسبز پاکستان فراہم کرنے کے لئے وزیر اعظم کا ٹین بلین ٹری منصوبہ انقلابی پروگرام ہے جس میں تمام طبقات کی شرکت ناگزیر ہے۔ انہوں نے ضلع میں شجرکاری مہم پر وسیع انداز میں عملدرآمد کرانے پر ضلعی انتظامیہ کے جاری اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ طالب علموں کو بھی زیادہ سے زیادہ شجرکاری میں شریک رکھیں۔ مشیر وزیراعظم نے ڈی سی آفس کی مختلف برانچز کا بھی دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ضلع میں شجرکاری مہم پر عملدرآمد کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔