• news

سانحہ مواچھ گوٹھ‘ 13 افراد کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائحے:سراج الحق

لاہور‘ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار + نمائندہ نوائے وقت) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے وفاقی وصوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ 14اگست کو یوم آزادی اور خوشی کے دن ہونے والے سانحہ مواچھ گوٹھ کے 13شہداء کے قاتلوں اور مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔ صدر مملکت اور وزیر اعظم شہید ہونے والے معصوم بچوں اور خواتین کا غم اور درد محسوس کرتے اور ان کو اگر اپنے گھر والوں کی طرح سمجھتے تو وہ ضرور شیرپاؤ کالونی آکر تسلی دیتے، سانحہ مواچھ گوٹھ کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ شہداء کے اہل خانہ کو انصاف دلانے کے لیے سینٹ اور قومی اسمبلی میں آواز بلند کریں گے ،صوبائی اسمبلی میں جماعت اسلامی کے رکن سید عبد الرشید تحریک التواء جمع کرواچکے ہیں۔ مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچا کر دم لیں گے۔ جو حکومت امن قائم نہیں کرسکتی اسے حکومت میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔ وزیراعظم بتائیں جو حکومت عوام کو امن نہ دے سکے اس کا ذمہ دار کون ہے؟ نئے نظام کی تشکیل کے لیے طالبان کے جماعت اسلامی سے رابطے ہیں ، طالبان کو تسلیم کرنے میں دنیا کو بخل سے کام نہیں لینا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز شیر پاؤ کالونی میں جماعت اسلامی ضلع ملیر کے ڈپٹی سیکرٹری معراج خان سواتی اور اے این پی کے ضلعی رہنما فرمان خان کے خاندان کے بچوں اور خواتین سمیت 13افراد کی المناک شہادت پر ان سے اور ان کے خاندان سے تعزیت کے موقع پر خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حافظ نعیم الرحمنٰ نے کہاکہ ہمارے بھائیوں کے خاندان پر بہت بڑا ظلم اور غم کا پہاڑ ٹوٹا ہے۔ مجرموں اور قاتلوں کو انجام تک پہنچانا ضروری ہے اور یہ کام حکومت کا ہے کہ وہ دیکھے کہ یہ واردات کن لوگوں نے کی ہے۔ دریں اثناء سراج الحق نے شاہ فیصل کالونی گرین ٹاؤن کے سابق یوسی ناظم چوہدری ذوالفقار کے صاحبزادے رضا ذوالفقار کی تعزیت کے لئے ان کے گھر گئے۔ رضا ذوالفقار گزشتہ دنوں ٹارگٹ کلنگ کا شکار ہوئے تھے۔ سراج الحق نے چوہدری ذوالفقار اور دیگر اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔ علاوہ ازیں سراج الحق منگھوپیر میں جماعت اسلامی  کے ناظم علاقہ اور معروف سماجی شخصیت حاجی اسحاق خان کے گھر بھی گئے اور ٹارگٹ کلنگ کا شکار ہونے والے ان کے صاحبزادے محمد علی کی تعزیت کی اور گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ سراج الحق نے کہا حکومت طالبان کی ممکنہ حکومت کو تسلیم کرے۔ دریں اثناء سراج الحق نے حروں کے روحانی پیشوا پیر صاحب پگارا سے انکی والدہ کے انتقال پر فاتحہ خوانی کی۔

ای پیپر-دی نیشن