• news

طالبان مثالی اسلامی ریاست بنانے جارہے ہیں: زبیر احمد ظہیر

لاہور (نیوز رپورٹر) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے افغانستان میں اسلامی ریاست کے قیام کے لئے پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمان ممالک سے افغان طالبان کا بھر پور ساتھ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان کا افغانستان میں نفاذ اسلام اور شریعت مصطفی کے نفاذ کا فیصلہ پوری دنیا کے لیے ایک بڑی خوشخبری ہے۔ بہت جلد دنیا کو نظر آئے گا کہ انسانی حقوق اور خواتین کا حقیقی ہمدرد اور محافظ صرف اور صرف اسلام ہے۔ وہ اتوار کے روز جامعہ عمر بن عبد العزیز گلبرگ فردوس مارکیٹ میں اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان اور مرکزی جماعت اہلحدیث پاکستان کے مرکزی عہدیداروں اور مجلس عاملہ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں مرکزی سیکرٹری جنرل رانا محمد آصف، سندھ کے صدر امیر عبداللہ فاروقی، شکیل احمد حیدر آبادی، پنجاب کے صدر میاں محمد اصغر، سینئر نائب صدر مولانا عبد الستار نیازی، پروفیسر فیاض احمد سلفی، الحاج محمد اکرم، مولانا محمد عبداللہ اور حافظ اکرام الٰہی سمیت دیگر بھی شریک ہوئے۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ جب طالبان یہ اعلان کر رہے ہیں کہ وہ امریکہ سمیت تمام ممالک کے ساتھ روابط رکھنے اور مل کر چلنے کیلئے تیار ہیں تو دنیا کو بھی چاہیے کہ وہ انکی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ طالبان اپنی تاریخ ساز مثالی فتح کے بعد افغانستان میں مثالی اسلامی ریاست بنانے جا رہے ہیں۔ اجلاس سے خطاب کے دوران علامہ زبیر احمد ظہیر نے حکومت پاکستان سے بھر پور مطالبہ کیا ہے کہ خواتین اور بچوں کے خلاف درندگی کرنے والوں کو سر عام سزائے موت دی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن