لاہور:رکشہ ڈرائیور،ساتھی کی خاتون اور بیٹی سے زیادتی،وزیراعلیٰ کا نوٹس،ملزم گرفتار
لاہور، جڑانوالہ، پیر محل، حجرہ شاہ مقیم، سرائے مغل، پتوکی (وقائع نگار خصوصی +نیوز رپورٹر+ نمائندگان+ نامہ نگاران) لاہور میں رکشہ ڈرائیور اور اس کے ساتھی نے مسافر خاتون اور اس کی بیٹی کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ پولیس کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وہاڑی کی رہائشی خاتون اور اس کی بیٹی ٹھوکر نیاز بیگ پر گاڑی سے اتری اور صدر کینٹ جانے کے لئے رکشہ بک کروایا تاہم رکشہ ڈرائیور خاتون اور اس کی بیٹی کو گھما پھرا کرایل ڈی اے ایونیو لے گیا۔ پولیس نے بتایا کہ رات کی تاریکی میں زیادتی کی گئی۔ کار سوار کے رکنے پر دونوں ملزم رکشہ چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ماں بیٹی سے زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے نوٹس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزموں عمر فاروق اور منصب کو گرفتار کر لیا ہے۔ متاثرہ خاتون اور اس کی بیٹی کا میڈیکل بھی کروا لیا گیا۔ ادھر متاثرہ خواتین کا جناح ہسپتال میڈیکل بھی کروا لیا گیا۔ فرانزک ٹیموں نے موقع سے شواہد اکٹھے کر لئے، بس سٹینڈ انتظامیہ اور سکیورٹی گارڈ کے بیانات بھی قلمبند کر لئے گئے۔ پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ عمر فاروق کے خلاف اس سے قبل بھی زیادتی کے 2 مقدمات درج ہیں۔ ایک مقدمہ تھانہ نواب ٹاؤن لاہور اور دوسرا تھانہ حویلی اوکاڑہ میں درج ہے۔ ملزم عمر فاروق زیادتی کیس میں جیل بھی کاٹ چکا ہے۔ آئی جی پنجاب انعام غنی کا کہنا ہے کہ ملزموں کو قرار واقعی سزا دلوائیں گے۔ جڑانوالہ میں زمین پھٹی نہ آسمان گرا، معذور شخص رشید احمد کی نابالغ بچی سے ملزم نے اسلحہ کے زور پر زیادتی کی، میڈٰکل میں زیادتی ثاتب ہو گئی۔ متاثرہ بچی کی والدہ اپنے معذور خاوند کی دوائی لینے ہسپتال گئی تھی کہ گھر میں بچی کو اکیلا پا کر ملزم اندر گھس آیا اور جان سے مار دینے کی دھمکیاں دے کر زیادتی کر ڈالی۔ ملزم گرفتار کر لیا گیا۔حجرہ شاہ مقیم کے محلہ بری امام کے رہائشی محمد احمد کے 6سالہ بیٹے کو ڈیڑھ بجے دن ملزمان فراز اور سیف علی نے معصوم بچے کو ورغلا پھسلا کر مسجد کے تہہ خانہ میں لے جا کر زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ پولیس نے 15 سالہ ملزم فراز کو گرفتار کر لیا جبکہ دوسرا ملزم سیف علی فرار ہو گیا۔ مقدمہ درج کر لیا گیا۔گا ئوں 762گ ب کے مکین محمد اکرم نے الزام عائد کیا ہے کہ 2او با شوں محبوب اور سخاوت نے میرے 17سالہ بیٹے عاقب کو نشہ آور چیز کھلا کر جنسی زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔ تھانہ اروتی پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔ سرائے مغل میں اوباش نوجوان کی آٹھ سالہ بچے سے زیادتی پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم گرفتار کر لیا۔ سرائے مغل کا رہائشی سلطان اپنی بیوی کے ہمراہ شادی کیلئے گھر سے گیا ہوا تھا کہ اسی گائوں کا اوباش نوجوان عامر آدھمکا اور سلطان کے آٹھ سالہ بیٹے کو بہلا پھسلا کر نزدیکی کھیتوں میں لے گیا اور گن پوائنٹ پرزیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ ظلم کی انتہا ہو گئی ، جاگووالہ چک 40 میں اوباش نوجوانوں نے وقاص کو برہنہ کر کے تشدد کا نشانہ بنایا اور میک اپ کروا کر ویڈیو بناتے رہے۔ جاگووالہ کے اوباش نوجوانوں امین اور سرور نے وقاص پر موبائل چوری کا الزام لگا کر اپنے نامعلوم ساتھیوں سمیت اغواء کیا اور نامعلوم مقام پر لے گئے جہاں ملزمان 3 دن تک مونچھوں اور داڑھی کے بال مونڈھ کر لڑکیوں کے کپڑے پہنا کر میک اپ کر کے تشدد کا نشانہ بناتے رہے۔ ایک ملزم امین کو گرفتار کر لیا دیگر کی گرفتاری کیلئے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔