• news

افغانستان کا لعدم تنظیم کے کارکن رہا ہونے پر متعلقہ قوتوں سے رابطہ میں ہیں،شیخ رشید

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سی پیک ہماری معاشی ترقی کے لئے شہ رگ کی حیثیت رکھتا ہے۔ چینی شہریوں کو ہر طرح کی سکیورٹی فراہم کریں گے۔ افغانستان میں امن و استحکام کے لئے دنیا کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ افغان حکام نے یقین دلایا ہے کہ افغانستان کی سرزمین کسی صورت کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہو گی۔ پیر کو  وزارت میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے  ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم افغانستان میں امن، استحکام اور ان کی سالمیت کے لئے نہ صرف دعا گو ہیں بلکہ ہماری خواہش   افغانستان میں امن دیکھنا ہے۔  انہوں نے کہا کہ ہم نے آٹھ جدید ڈرون خریدنے کا فیصلہ کیا ہے، 192 کیمرے اور 1122 پورا سسٹم پنجاب کی طرز پر اسلام آباد میں رواں ماہ شروع کر رہے ہیں۔ اس ملک کی بدنصیبی کی ہے کہ 74 سال سے کرائسز مینجمنٹ کا کوئی سسٹم نہیں بنا۔ یہاں پر سیلاب سے دو افراد جاں بحق ہوئے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ سی پیک ہماری معاشی ترقی کے لئے شہ رگ کی حیثیت رکھتا ہے۔ چینی شہریوں کو ہر طرح کی سکیورٹی فراہم کریں گے۔  وزیراعظم عمران خان کا عزم ہے کہ سی پیک کو آگے لے کر جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں۔ افغانستان کی موجودہ صورتحال کی وجہ سے سی پیک بہت اہم ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ چین ہمارا قریبی دوست ملک ہے، پچھلے ایک ماہ سے داسو، کراچی سٹاک ایکس چینج، کوئٹہ سرینا ہوٹل جیسے واقعات کی صورت میں سازشوں کی ناکامی ہماری لازوال دوستی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے شہریوں کو ہر قسم کی سیکورٹی فراہم کی جائے گی، پاکستان کا موقف واضح ہے، ہم نے امریکی لوگوں کا انخلا بھی کیا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ لوگوں کو سہولت دیں۔  ہمیں اگر  افغانستان کو مزید ویزے جاری کرنا پڑے تو کریں گے، ہم نے افغانستان کی کرکٹ ٹیم کو بھی ویزے جاری کر دیئے ہیں، کابل کے مختلف علاقوں سے لوگوں کو ایئرپورٹ تک پہنچانا ہماری ذمہ داری نہیں ہے، ہماری ذمہ داری طورخم بارڈر تک ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ مہاجرین کے حوالے سے تاحال فیصلہ نہیں ہوا اس حوالے سے فیصلہ حکومت کرے گی جو بارڈر تک لوگ آئیں گے ان کو سہولت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 1200 سے زائد غیر ملکی اور افغان لوگ یہاں آئے ہیں اور 800 سے زائد طورخم بارڈر کے راستے آئے ہیں۔ اس حوالے سے حکومت کی ہدایت پر وزارت داخلہ نے سہولت مرکز بنا دیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کے ویزوں کی مدت ختم ہو چکی ہے، وزارت نے انہیں 30 اگست تک جرمانے کی معافی دی ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مولوی فقیر محمد کو رہائی ملی ہے، اس حوالے سے وہاں کی متعلقہ قوتوں کو کہا ہے اور افغانستان کے حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ افغانستان کی سرزمین کسی صورت کسی ملک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم سے مریم نواز نے اجازت نہیں مانگی، اگر وہ اجازت مانگتیں تو یہ معاملہ کابینہ میں بھیجا جاتا، شہباز شریف کی درخواست کا وقت گزر چکا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن