• news

 وفاق حق دے رہا ہے نہ لیگی ارکان’’ چوری‘‘ کرنا چاہتے: بلاول


کراچی (نوائے وقت رپورٹ)  چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کراچی کو بہتری کی طرف لے کر جارہی ہے۔ کراچی میں بہت مسائل ہیں اس سے انکار نہیں کر سکتے۔ ہم عوام کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں، کراچی تبدیل ہوچکا ہے، شہر میں ایڈمنسٹریٹر کی تقرری کے بعد کام بہتر ہورہے ہیں، جگہ جگہ ترقیاتی کام چل رہے ہیں، کچھ مکمل ہوچکے ہیں اور چند ہونے والے ہیں۔ ایم کیو ایم کے دور میں ضلع وسطی کچرے کا ڈھیر تھا، کراچی کے عوام تحریک انصاف اور ایم کیوایم کو پہچان چکے ہیں، عمران خان اور ایم کیوایم نے شہر میں نہ تو ایک اینٹ لگائی اور نہ ہی ایک قطرہ پانی فراہم کیا، ہمارے پاس وسائل کم ہیں، وفاق ہمیں اپنا حق نہیں دے رہا، حکومت سے پوچھتے ہیں کہ شہر کو دیا گیا 11 سو ارب کے پیکیج کا کیا ہوا؟ حکمران عوام کو روزگار دینے کی بجائے چھین رہے ہیں۔  سندھ نے اپنے وسائل سے پانی کی قلت کا خاتمہ کیا ہے، ہم شہر کو بہتری کی طرف لے جارہے ہیں، عوام سے اپیل ہے کہ ہمارا ساتھ دیں اور ہمارے ساتھ تعاون کریں۔ عمران خان کی نااہلی کی وجہ سے بے روزگاری میں اضافہ ہوا۔ سولہ ہزار خاندانوں سے روزگار چھینا گیا‘ ہم مسلم لیگ ن کے ارکان کو چوری نہیں کرنا چاہتے۔ سندھ کے بلدیاتی نظام نے اپنی آئینی مدت پوری کرکے جمہوری روایت کو زندہ  رکھا۔ مردم شماری کا معاملہ طے ہوتے  ہی ہم لوکل باڈیز انتخاب کرانے کو تیار ہیں۔ موجودہ دور حکومت میں عوام کے حق روزگار پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے۔ ایک کروڑ روزگار دینے کا وعدہ کرنے والی حکومت لوگوں سے روزگار چھین چکی ہے۔ پیپلز پارٹی نے حکومت کے خلاف پہلے روز سے مقابلہ کیا ہے۔ پی ڈی ایم کو غیر جمہوری حکومت کو ہٹانے کا راستہ دکھایا تھا لیکن انہوں نے اس راستے کا انتخاب نہیں کیا۔ یہ ان کی مرضی تھ۔ی پی ڈی ایم کے  آئندہ ہونے والے جلسے کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ جہاں بھی ناانصافی ہوتی ہے‘ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو آواز اٹھاتی ہے۔ ہم مسلم لیگ (ن) کے لوگوں کو چوری کرنا نہیں چاہتے۔

ای پیپر-دی نیشن