12 اددویات مہنگی،60روز میں حلف ورنہ رکنیت ختم
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان میں امن عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ بھارت کا کوئی بارڈر افغانستان سے نہیں ملتا، بھارت افغانستان میں مداخلت سے باز رہے۔ پاکستان نے ہمیشہ افغان مسئلہ کے سیاسی حل کی بات کی۔ پاکستان نے افغانستان میں مقیم غیر ملکی شہریوں کے انخلا میں سہولت دی۔ قومی ایئر لائن نے اب تک کابل سے 1500افراد کے انخلا کو یقینی بنایا۔ جہاں فوج نہ ہو اور ادارے مضبوط نہ ہوں، وہ ملک نہیں چل سکتے، اپنے دائیں بائیں دیکھ لیں۔ جہاں ملک محفوظ نہیں ہیں وہاں گھر بھی محفوظ نہیں۔ حکومت ملک میں شفاف انتخابات کے انعقاد کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ پاکستان میں ایک الیکشن ایسا نہیں جس میں اپوزیشن شفاف طریقے سے جیتی ہو۔ ن لیگ اور پیپلزپارٹی 90 لاکھ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے روکنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ دھاندلی روکنے کے لئے جوڈیشل کمشن کی 36 سفارشات میں سے زیادہ تر کا حل ای وی ایم سے ممکن ہے۔ انتخابی اصلاحات کو جوڈیشل کمشن کی سفارشات کی روشنی میں آگے بڑھا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغانستان کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری افغانستان کی موجودہ صورتحال پر گہری نظر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے زرمبادلہ کی وجہ سے ملکی معیشت مستحکم ہو رہی ہے۔ کرونا وبا کے پھیلائو کے باعث خیبر پی کے اور پنجاب کے صحت کے شعبوں پر اضافی دبائو ہے۔ معاشی اشاریئے مستحکم ہیں۔ برآمدات میں اضافہ جبکہ مہنگائی میں کمی آ رہی ہے۔ ڈاکٹر محمد اشفاق کو ایف بی آر کا نیا چیئرمین جبکہ ڈاکٹر ندیم ظفر کو پاکستان ادارہ برائے شماریات کا سربراہ تعینات کیا گیا ہے۔ وزیراطلاعات نے کہا کہ 3500 سے زائد افراد کو بذریعہ ہوائی جہاز جبکہ 19 ہزار افراد کو بارڈر کے ذریعے انخلا میں مدد فراہم کی۔ اس وقت ہم غیر ملکی شہریوں کے لئے اپنے بارڈرز کھولنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پاکستان نے فی الوقت اپنی فضائی اور زمینی سرحدیں کابل میں پھنسے غیر ملکی شہریوں کے لئے کھولی ہیں۔ جہاں تک افغانستان میں حکومت سازی کا عمل ہے، اس میں ہم ذمہ دارانہ کردار ادا کر رہے ہیں، ہمارا ترکی، چین اور دیگر ممالک کے ساتھ قریبی رابطہ ہے۔ اگر پاکستان کی ایڈوائس پر عمل کیا ہوتا تو آج افغانستان میں اس قسم کی صورتحال نہ ہوتی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے اس بات پر زور دیا ہے کہ بھارت افغانستان کے اندر مداخلت سے باز رہے، ہندوستان کا افغانستان کے ساتھ کوئی بارڈر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں پچھلی حکومت کے دوران بھارت نے افغانستان کی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کیا۔ بھارتی میڈیا اس وقت بھی افغانستان میں امن کے عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش میں مصروف ہے۔ پاکستان امن عمل کا اہم شراکت دار ہے۔ ہم نہیں چاہتے کہ کوئی دوسرا ملک بشمول بھارت امن کے عمل کو سبوتاژ کرے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز اور وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور بیرون ملک پاکستانیوں کے لئے آئی ووٹنگ پر بریفنگ دی۔ فواد چودھری نے کہا کہ اپوزیشن کی پوری کوشش ہے کہ سابقہ نظام برقرار رہے۔ ن لیگ اور پی پی شفاف انخابات میں رکاوٹ ہیں۔ کابینہ نے ای ووٹنگ کے نظام پر نادرا کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس معاملے کو جلد از جلد نمٹائے۔ چوہدری فواد حسین نے بتایا کہ وفاقی کابینہ کو کرونا کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی ہے۔ موجودہ صلاحیت کے مطابق 70 فیصد آکسیجن استعمال ہو رہی ہے۔ اگر صورتحال بہتر نہ ہوئی تو صنعتوں کو آکسیجن کی سپلائی کم کرنا ہوگی۔ کابینہ کے اجلاس میں خواتین سے متعلق واقعات پر بھی بات ہوئی۔ وزیراعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مینار پاکستان جیسے واقعات معاشرے کے ہر طبقے کے لئے تشویشناک ہیں۔ ٹک ٹاک جیسے رجحانات کے خلاف معاشرے میں ایک ردعمل آ رہا ہے۔ بڑھتے ہوئے جنسی جرائم اور دیگر غیر اخلاقی رجحانات کو روکنے کے لئے ضروری ہے کہ اس حوالے سے مباحثے کا آغاز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کا جائزہ لینے اور اس سے نمٹنے کے لئے سفارشات مرتب کرنے کے لئے ایک اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے جس میں معروف علمائے دین، دانشور اور سول سوسائٹی کے نمائندگان شامل ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے ڈاکٹر احمد مجتبی کو انٹلیکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن آف پاکستان کے چیئرمین کی تعیناتی تک اس عہدے کا اضافی چارج دینے کی منظوری دی۔ کابینہ نے عدیلہ خان کی ممبر نیشنل کمیشن برائے خواتین (برائے اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری) تعیناتی کی بھی منظوری دی۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے37 نئی ادویات کی قیمتیں مقرر کرنے جبکہ 12 ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کی منظوری دے دی۔ 37 ایسی ادویات کی قیمتیں مقرر کرنے کی منظوری دی گئی ہے جو پاکستان میں پہلی بار تیار ہوں گی۔ مذکورہ 12 ادویات پاکستان میں موجود ہیں لیکن ان کا سرکاری نرخ کم ہونے کی وجہ سے مارکیٹ میں دستیاب نہیں تھیں اور بلیک میں انتہائی مہنگی فروخت ہو رہی تھیں۔ ان ادویات کی بلیک مارکیٹنگ کے خاتمے اور ان کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے ان ادویات کو مہنگا کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ چوہدری فواد حسین نے بتایا کہ کابینہ نے پاکستان سٹیٹ آئل کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں پاور ڈویژن کی نمائندگی کو یقینی بنانے کی غرض سے اس تجویز کو منظور کیا کہ سیکریٹری پاور ڈویژن کا نمائندہ جو گریڈ 20 سے کم نہ ہو، کو بطور ممبر شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے ملک کے گرداوری نظام کو ڈیجیٹل کرنے کے عمل کی ذمہ داری وزارت سائنس و ٹیکنالوجی سے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن اور وزارت برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ کو تفویض کرنے کی تجویز کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کمشنر برائے انڈس واٹرز کے لئے مناسب امیدوار کے انتخاب میں پیش آنے والے مسائل اور مختلف وجوہات کا جائزہ لینے کے لئے قائم کمیٹی کی سفارشات کابینہ کے سامنے پیش کی گئیں، کابینہ نے ان سفارشات کی منظوری دے دی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کابینہ نے ممبر (فائنانس) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کے حوالے سے اشتہار کی منظوری کے ساتھ ساتھ ڈائریکٹر جنرل (آئل) عمران احمد کو سلیکشن کمیٹی میں شامل کرنے اور اس اسامی کے لئے ایم پی سکیل اختیار کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 16 اگست 2021کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔ ان فیصلوں میں برآمداتی شعبوں کو رعایتی نرخوں پر بجلی اور آر ایل این جی فراہم کرنے جیسے معاملات پر فیصلے شامل تھے۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے الیکشن آرڈیننس تیسری ترمیم کی منظوری دی ہے، اس آرڈیننس کے تحت جن ارکان سینٹ اور قومی اسمبلی صوبائی اسمبلیوں کے ارکان نے60 دن کے اندر اپنے عہدوں کا حلف نہیں اٹھایا، تو ان کی رکنیت ختم ہو جائے گی۔ کابینہ نے اس آرڈیننس کو جاری کرنے کی منظوری دی ہے۔ ایسے تمام لوگ جنہوں نے اپنے عہدوں کا حلف نہیں اٹھایا، اس آرڈیننس کی منظوری کے بعد وہ اپنی نشست کھو دیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ طویل عرصے کے بعد پہلی مرتبہ ہندوستان سے ٹی ٹی پی کو فنڈنگ کا سلسلہ رکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مطلوب بی ایل اے اور ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں کے حوالے سے افغانستان تعاون کرے گا۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ڈی ایم کا مستقبل یہی ہے کہ وہ لندن میں شادیاں کرائیں گے، لندن میں ہی مزید فلیٹس خریدیں گے، اب دیکھتے ہیں کہ مولانا فضل الرحمان کب لندن مبارکباد دینے جاتے ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ امریکہ کے سیکریٹری خارجہ بلنکن اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ تین مرتبہ بات چیت ہو چکی ہے، امریکن سنٹرل کمانڈ کے چیف، پینٹا گون اور ڈیفنس ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ قریبی مشاورت جاری ہے۔ اس وقت دو ٹریک چل رہے ہیں جن میں ترکی، ایران اور وسطی ایشیائی ریاستیں شامل ہیں، پاکستان اس کا حصہ ہے۔ اس کے علاوہ دوحا میں ایک سٹینڈرڈ ڈائیلاگ چل رہا ہے جس میں چین، پاکستان، روس اور امریکہ شامل ہے۔