وزیراعظم سے دوسری ملاقات،احسان مانی کوٹاسک مل گیا
لاہور (سپورٹس رپورٹر)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کی مدت گزشتہ روز پوری ہو گئی ۔ نئے چیئرمین پی سی بی کا فیصلہ نہیں ہوسکا۔ وزیر اعظم جلد دو افراد کو چیئرمین پی سی بی کیلئے نامزد کریں گے جس کے بعد گورننگ بورڈ چیئرمین کا انتخاب کر یگا۔ امکان ہے کہ احسان مانی اور رمیز راجہ کے نام پیش کئے جائیں گے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ احسانی مانی ایک سال تک ذمہ داری نبھائیں گے جس کے بعد عہد ہ چھوڑ دینگے ‘اس کے بعد رمیز راجہ کے چیئرمین پی سی بی بننے کاامکان ہے ۔ وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے دو دن میں دوسری ملاقات کی ہے۔ ذرائع کے مطابق اپنی اس دوسری ملاقات میں احسان مانی نے پی سی بی اور بین الاقوامی اداروں اور سپانسرز کیساتھ ہونیوالے معاہدوں کی تفصیلات بتائیں۔بریفنگ دیتے ہوئے احسان مانی کا کہنا تھا کہ کچھ ایسے معاہدے ہیں جن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں ایک سال کا وقت لگ سکتا ہے۔چیئرمین پی سی بی نے وزیراعظم کو بورڈ کے درمیان تنازعات اور آئی سی سی فیوچر ٹورز کی میزبانی سے متعلق بھی بریف کیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے احسان مانی کو تمام معاہدوں کو پایہ تکمیل پہنچانے کا ٹاسک دیدیا۔ذرائع نے بتایا تھا کہ احسان مانی کا بطور چیئرمین پی سی بی اپنی ذمہ داریاں جاری رکھنے کا امکان ہے۔