احسان مانی کرکٹ کو فروغ دینے میں کامیاب نہیں ہوسکے : خالد محمود
لاہور(حافظ محمد عمران/سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین خالد محمود نے کہا ہے کہ احسان مانی کرکٹ کو فروغ دینے میں کامیاب نہیں ہو سکے کسی بھی کرکٹ بورڈ کی سب سے بنیادی ذمہ داری ملک میں کھیل کا فروغ ہے لیکن تین برس میں وہ یہ کام کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ گذشتہ تین برس میں نچلی سطح کی کرکٹ کو بری طرح نظر انداز کیا گیا ہے۔ بدقسمتی سے کلب کرکٹ کا تو برا حال ہے۔ کلب کرکٹ اصل نرسری ‘ بورڈ انتظامیہ کے فیصلوں سے کلب کرکٹ کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا ہے اسی طرح انڈر نائنٹین اور علاقائی سطح کے مقابلوں کے نہ ہونے سے براہ راست فرسٹ کلاس کرکٹ بھی متاثر ہوئی ہے۔ یوں وہ اپنی بنیادی ذمہ داری نبھانے میں کامیاب نہیں ہو سکے، کرکٹ کھیلنے والے ممالک کیساتھ سفارتکاری اور دیگر معاملات تو چلتے رہتے ہیں لیکن کسی بھی صورت گراس روٹ کرکٹ کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ جب تک کلب کرکٹ کو مضبوط نہ کیا جائے، سٹی کرکٹ بہتر نہیں ہو سکتی، سٹی کرکٹ منظم نہیں ہو گی تو صوبائی کرکٹ کیسے بہتر ہو سکتی ہے یہیں سے کھلاڑی قومی ٹیم تک آتے ہیں۔ احسان مانی اور ان کی ٹیم یہ کام کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ احسان مانی کے دور میں بورڈ میں رائٹ سائزنگ بھی نہیں ہو سکی جبکہ بھاری تنخواہوں والے اپنے عہدوں پر موجود رہے اس حوالے سے کام نہ ہونا مایوس کن ہے۔ جو چیئرمین آتا ہے وہ اضافی ملازمین کی بات کرتا ہے لیکن نچلے طبقے کو نشانہ بنا کر بھاری تنخواہوں پر تقرریاں بھی کی جاتی ہیں اس بورڈ میں بھی یہی ہوتا رہا ہے۔ کھیل کے فروغ اور منظم انداز میں سرگرمیوں کا انعقاد ضروری ہے۔