• news

سابق حکومتوں نے کام کم شور زیادہ کیا: عمران


لاہور‘ فیروزوالا‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار+ خبر نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے مینار پاکستان واقعہ کو انتہائی شرمناک اور تکلیف دہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مناسب تربیت نہ ہونے کے سبب نئی نسل تباہی کی طرف جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں کسی نے تعلیم کی بہتری پر توجہ نہیں دی۔ طبقاتی نظام تعلیم نے معاشرے کو تقسیم کردیا۔ یکساں نصاب مستقبل میں ملک کیلئے فائدہ مند ہوگا۔ وزیراعظم نے یہ بات لاہور میں ایجوکیشن کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ مینار پاکستان پر جو کچھ ہوا اس پر شرمندگی اور تکلیف ہوئی۔ دنیا میں سب سے زیادہ خواتین کی عزت پاکستان میں ہوتی تھی، ہم آج یہاں جو تباہی دیکھ رہے ہیں بچوں کی تربیت نہ ہونے کی وجہ ہے۔ ہمیں آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے بارے سوچنا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ بہت ضروری ہے کہ ہم اپنے بچوں کی تربیت کریں۔ ہمیں بچوں کو دنیا کے سب سے عظیم انسان نبی کریمؐ کی زندگی کے بارے میں پڑھانا چاہیے۔ انہوں نے اس موقع پر یکساں تعلیمی نصاب کو موجودہ حکومت کی سب سے بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم بنا تو ہر تقریب میں انگلش بولی جا رہی تھی۔ پاکستان میں 80 فیصد لوگوں کو انگلش نہیں آتی لیکن پارلیمنٹ اور سینٹ اجلاسوں میں ارکان انگریزی میں تقریر شروع کر دیتے ہیں، یہ سب کچھ لوگوں کو متاثر کرنے کیلئے کیا جاتا ہے۔ ہماری تنزلی کی بڑی وجہ تعلیمی نظام ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ موبائل کے غلط استعمال کی وجہ سے جنسی جرائم میں اضافہ ہورہا ہے۔  انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں تعلیم پر کسی نے زور ہی نہیں دیا، ماضی کی کسی حکومت نے نہیں سوچا کے مستقبل کا کیا بنے گا، ماضی میں ڈیم بنانے اور بہتر گورننس سسٹم پر بھی توجہ نہیں دی گئی، ماضی میں یکساں نصاب لایا جانا چاہیے تھا لیکن ایسا نہیں کیا گیا، سابق حکومتیں چھوٹے کاموں کی بھی بہت تشہیر کیا کرتی تھیں، وہ کام کم اور شور زیادہ کیا کرتی تھیں، ہمیشہ سوچتا ہوں آپ وہ کام کر رہے ہیں جوکوئی صوبہ نہیں کر رہا، پنجاب حکومت نے ریکارڈ کام کئے۔ پنجاب میں موجود حکومت نے وہ کام کیے ہیں جو کسی نے نہیں کیے، عثمان بزدار اچھے کام کررہے ہیں لیکن لوگوں کوپتہ ہی نہیں چلتا، وہ اچھے کاموں میں اپنا نام لانا ہی نہیں چاہتے، عثمان بزدار خاموشی سے کام اور لوگ تنقید کرتے رہتے ہیں۔ جب میں باہر گیا تو مجھے محسوس ہوا کہ مجھے اپنے کلچر اور دین سے دور کیا گیا، انگلش میڈیم سسٹم ذہنی غلامی لایا، انگلش میڈیم سسٹم نے ہمیں مغربی کلچر کا غلام بنا دیا۔ علاوہ ازیں شیخوپورہ میں رکھ جھوک سمارٹ جنگل کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سمارٹ لاک ڈائون پر ہمارا مذاق اڑایا گیا یہ پالیسی اب دنیا میں سب اپنا رہے ہیں۔ لاہور میں آلودگی اور سیوریج کے سنگین مسائل کا سامنا ہے، اس شہر کو تباہ کیا گیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ راوی پراجیکٹ لاہور کے لئے پاکستان کے لئے بہت ضروری ہے۔ پنجاب سپیڈ شہباز شریف بھی اس منصوبے کو نہیں بنا سکے۔ وزیراعظم عمران خان سے گورنر ہاؤس لاہور میں وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملاقات کی ہے جس میں پنجاب کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان سے گورنر ہاؤس لاہور میں چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک اور آئی جی پنجاب انعام غنی نے بھی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے خواتین سے بدسلوکی کے واقعات کی روک تھام اور خواتین کے تحفظ کیلئے فوری اور سخت اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان کے خلاف فوری کارروائی کرکے سخت سے سخت سزا یقینی بنائی جائے۔ وزیراعظم عمران خان سے صوبائی وزیر بلدیات پنجاب میاں محمود الرشید نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور پارٹی امور پر گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم سے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے بھی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو صحت اور تعلیم کیلئے سہولتوں کی فراہمی ترجیح ہے۔ وزیراعظم سے سینیٹر اعجاز چودھری کی سربراہی میں وفد نے بھی ملاقات کی۔ عام انتخابات میں پارٹی ٹکٹ حاصل نہ کرنے والے رہنما شریک ہوئے۔ وزیراعظم نے پارٹی رہنماؤں کو حکومتی امور میں ایڈجسٹ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعظم عمران خان سے بغیر آکسیجن کے ٹو سر کرنے والے بلتستان کے کوہ پیماؤں نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک کا نام روشن کرنے والے ہمارے ہیروز ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کسان کارڈ کی کارکردگی پر جائزہ اجلاس بھی ہوا۔ وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ کسانوں کی معاونت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ حکومت ایگریکلچرل ٹرانسفارمیشن پلان سے زرعی شعبے میں بڑے پیمانے پر اصلاحات لا رہی ہے۔ مزید براں وزیراعظم عمران خان کو روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ٹیلی فون کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پرامن‘ محفوظ اور مستحکم افغانستان پاکستان اور علاقے کے استحکام کیلئے بہت ضروری ہے۔ جامع سیاسی تصفیہ ہی افغانستان کے مستقبل کا ضامن ہے۔ دنیا کو افغانستان میں مثبت کردار ادا کرنا ہو گا۔ روس‘ امریکہ‘ چین اور پاکستان پر مشتمل گروپ کے کردار کو اہمیت دیتے ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے‘ علاقائی امن اور سلامتی کے فروغ کیلئے تعاون پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے روسی صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔ وزیراعظم عمران خان پی ٹی آئی حکومت کے تین سال مکمل ہونے پر (آج) جمعرات کو قوم سے خطاب کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے خطاب کی براہ راست نشریات کیلئے لاہور سمیت مختلف شہروں میں بڑی سکرینیں نصب کی جائیں گی۔

ای پیپر-دی نیشن