بلدیاتی نظام کو مزید منظم بنانے کیلئے اتحادی جماعتوں سے مشاورت کی جائے: پرویز الٰہی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے مرکزی انفارمیشن سیکرٹری مسلم لیگ ق مہرین ملک آدم نے اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پرویز الٰہی نے پارٹی کے حوالہ سے ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات وقت کی ضرورت ہے۔ بلدیاتی نظام مزید منظم بنانے کیلئے اتحادی جماعتوں سے مشاورت کرنی چاہئے، بلدیاتی نظام عوام کے حقوق کو ان کی دہلیز پر پہنچانے کا سب سے بہترین اور موثر نظام ہے۔ عوامی حقوق کے تحفظ کیلئے ہمیں جب بھی موقع ملا ہم نے اپنا کردار ادا کیا ہے۔ عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے بلدیاتی نمائندے اپنا رول بخوبی ادا کر سکتے ہیں۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ بلدیاتی ادارے اگر خود مختار ہوں گے تو جرائم کی شرح میں بھی کمی واقع ہو گی۔ اس موقع پر مہرین ملک آدم نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کا دور بطور وزیر اعلیٰ پنجاب سنہری دور تھا۔ 2002 سے 2008 تک بلدیاتی اداروں نے خوب ترقی کی اور عوامی مسائل میں کمی واقع ہوئی تھی۔ بلدیاتی اداروں کو فنڈز کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہیں تھی۔