• news

 مسائل حل کرنے کیلئے گوجرانوالہ چیمبر کو غیر سیاسی رکھا جائے:جمشید ایوب 

گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)سیاسی سماجی و کاروباری راہنما جمشید ایوب بٹ نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے چیمبر آف کامرس سیاسی اکھاڑہ بن چکا ،کاروباری برادری کانمائندہ ادارہ ہونے کے باوجود چیمبر کے ’’سیاسی پنڈت‘‘ اسے سیاست کی نذر کر دینے کے درپہ ہیں، کاروباری برادری کے مسائل حل کرنے کے لئے ضروری ہے کہ چیمبر آف کامرس کو غیر سیاسی رکھا جائے ، مسلسل سیاسی مداخلت کے باعث بزنس کمیونٹی دبائو کی شکار اور کرب میں مبتلا ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے خصو صی گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ چیمبر آف کامرس کے عہدیداران خاص طور پر صدر کوبزنس کمیونٹی کی حقیقی نمائندگی کے لئے حکومت وقت کے ساتھ روابط رکھنا ہو تے ہیں تاکہ وہ کاروباری برادری کے مسائل کو حل کراسکے اس لئے چیمبر کے معاملات کو سیاست سے الگ رکھنا ضروری ہے.انہوں نے مزید کہا کہ یہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ چیمبر آف کامرس کے سینئر رہنما یہ بات تو کرتے ہیں کہ چیمبر غیرسیاسی ادارہ ہے لیکن اپنے عمل سے اسے ثابت نہیں کرتے وہ نہ صرف ملکی سیاست کو کاروباری برادری میں گھسیٹ کر لاتے ہیں بلکہ رشتے داریوں اور برادریوں کی بنیاد پر کاروباری لوگوں کو اپنی حمایت پر مجبور کیا جاتا ہے انہوں نے کہا یونٹی ون یونٹی گروپ کا اتحادقائم رہنا خوش آئند ہے اس سے کاروباری برادری کی اکثریت انتشار سے بچ گئی ہے، الیکشن میں واضح کامیابی حاصل کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن