افغان صور تحال: وزیر اعظم کو یورپی یو نین، ایشیائی بنک کے صدور کا فون
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ افغانستان میں جامع حکومت ہی امن و استحکام کیلئے آگے بڑھنے کا راستہ ہے۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے ملاقات کی۔ جس میں افغانستان کی بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ورلڈ فوڈ پروگرام کے ساتھ شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ملاقات میں افغان عوام کے لیے خوراک کی ضروریات پورا کرنے کے لیے پاکستان اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے تعاون پر بھی بات چیت کی گئی۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے افغان شہریوں کو خوراک کی فراہمی پر پاکستان کی تعریف کی اور افغانستان کو امداد جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں جامع حکومت کی تشکیل اور عالمی برادری کا مثبت رویہ انسانی بحران سے بچا سکتا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان سے صدر ایشیائی ترقیاتی بنک نے رابطہ کیا۔ صدر اے ڈی پی نے ان کے سٹاف کے کابل سے انخلاء پر پاکستان کو سراہا۔ وزیراعظم نے کرونا کے دوران تعاون پر ایشیائی ترقیاتی بنک کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم سے یورپین کونسل کے صدر چالس مچل نے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں کے انخلاء میں مدد سے آگاہ کیا۔ یورپین کونسل کے صدر نے وزیراعظم سے اظہار تشکر کیا۔ انخلاء میں مدد پر وزیراعظم نے کہا کہ مستحکم اور پریس افغانستان پاکستان اور خطے کیلئے اہم ہے۔ وزیراعظم افغانوں کی سکیورٹی اور انسانی حقوق کے تحفظ پر زور دیا اور کہا کہ مشترکہ سیاسی تصفیہ ہی افغان مسئلے کا حل ہے۔ امید ہے افغان قیادت ملکر اس مسئلے کا حل ڈھونڈے گی۔ افغانستان میں امن کیلئے سکیورٹی صورتحال کو بہتر کرنا ہوگا۔ امن کیلئے خطے اور عالمی شراکت داروں سے رابطے میں رہیں گے۔