احسان مانی کی توسیع لینے سے معذرت‘ رمیز راجہ چیئرمین پی سی بی نامزد
احسان مانی کی توسیع لینے سے معذرت‘ رمیز راجہ چیئرمین پی سی بی نامزد
لاہور (سپورٹس رپورٹر) چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے عہدے میں توسیع لینے سے معذرت کر لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے اور کہا ہے کہ کسی اور کو چیئرمین پی سی بی تعینات کر دیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے احسان مانی کے فیصلے سے متعلق تصدیق کر دی۔ بورڈ کے نئے چیئرمین کی تقرری کا فیصلہ وزیراعظم عمران خان کریں گے۔ عمران خان نے چیئرمین کیلئے دو نام تجویز کئے ہیں۔ وزیراعظم کے بھیجے گئے ناموں پر بورڈ آف گورنرز حتمی فیصلہ کرے گا۔ وزیراعظم نے رمیز راجہ اور اسد علی خان کو پی سی بی بورڈ آف گورنرز کیلئے نامزد کر دیا ہے۔ بورڈ آف گورنرز چند دن میں الیکشن کے ذریعے نئے چیئرمین پی سی بی کا انتخاب کرے گا۔ رمیز راجہ الیکشن میں نئے چیئرمین پی سی بی کیلئے مضبوط امیدوار ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے رمیز راجہ کی بطور چیئرمین پی سی بی تقرری کی منظوری دیدی۔ وزیراعظم آفس نے رمیز راجہ کو فون کرکے چیئرمین پی سی بی بنانے کی اطلاع دی۔ سابق کپتان رمیز راجہ نے بتایا کہ میں نے پی سی بی چیئرمین کا عہدہ قبول کر لیا ہے۔ چیئرمین پی سی بی بننا میرے لئے بہت اعزاز کی بات ہے۔ بہتری کا حصول میرا ہدف ہے۔ وزیراعظم کے اعتماد پر شکرگزار ہوں۔ مجھے سپورٹ اور دعاؤں کی ضرورت ہے۔