افغانستان سے انخلا، امریکی اتحادی افواج نے پاکستان سے مدد مانگ لی
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) امریکی اور اتحادی افواج نے31 اگست تک افغانستان سے حتمی انخلا کے لیے پاکستان سے مدد کی درخواست کر دی۔ طالبان سے جنگ کے دوران امریکی اور اتحادی افواج کی معاونت کرنے والے 3 سے 4 ہزار افراد کراچی لائے جائیں گے۔ انہیں پاکستان کا ویزا دیا جائے گا اور انہیں امریکہ منتقلی سے پہلے ایک ماہ کراچی میں رکھا جائے گا۔ حکومت پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ امریکی و اتحادی افواج کے معاونت کاروں کے کراچی میں رہنے کا بندوبست سندھ حکومت کرے گی۔ کابل سے غیر ملکیوں کو لے کر متعدد پروازیں آج سے کراچی میں لینڈ کرنا شروع کر دیں گی۔ افغانستان سے انخلا میں مدد کی درخواست امریکی فوج اور نیٹو نے کی ہے۔ ذرائع کے مطابق انخلا میں مدد کے لیے پاکستان میں اعلیٰ سطح کا اجلاس راولپنڈی میں ہوا جس میں وزارت خارجہ حکام اور ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے شرکت کی۔ سی اے اے ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان سے امریکی مدد گاروں کو نکالنے والی 5 ابتدائی پروازیں کراچی میں اتریں گی۔ اسلام آباد میں رش کے باعث انخلا میں مصروف طیاروں کو کراچی میں اتارنے کا فیصلہ ہوا۔ ان افراد کو حکومت سندھ رہائش فراہم کرے گی جبکہ افغانستان سے آنے والی پروازیں ملتان، فیصل آباد اور پشاور بھی لائی جائیں گی۔ پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر اینڈرولا کامینارا نے افغانستان سے انخلا میں تعاون پر پاکستان کا بھرپور شکریہ ادا کیا ہے۔ ٹویٹ میں اینڈرولا کامینارا نے کہا کہ افغانستان سے ا ن کا انخلا مکمل ہو چکا ہے اور اسلام آباد ایئر پورٹ کے ذریعے اس انخلا کے لئے دن رات کام کرنے پر وہ پاکستان کی وزارت خارجہ، پی آئی اے ، اسلام آباد ایئرپورٹ کے عملہ، سول ایوی ایشن اتھارٹی اور ای یو پاکستان ٹیم کا بے حد شکریہ ادا کرتی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر کابل سے غیر ملکیوں کے انخلا کیلئے جاری آپریشن پر مختلف ممالک نے اظہار تشکر کیا، 15 سے 24 اگست تک کابل سے 24 فلائٹس میں 1335 غیرملکی مسافراسلام آباد آئے۔ افغانستان سے غیر ملکیوں کے انخلاء کے حوالے سے اسلام آباد کے تمام ہوٹلز 21 روز کیلئے بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے تمام ہوٹلوں کو خالی کرانے کے احکامات جاری کر دیئے۔ تمام ہوٹلوں میں افغانستان سے آنے والے غیر ملکیوں کو ٹھہرایا جائیگا۔