خاتون کے گھر فا ئرنگ، ہراسانی، حکومتی، ایم پی اے خرم لغاری پر مقدمہ
لاہور (نامہ نگار) لاہور کے تھانہ ڈیفنس اے پولیس نے تحریک انصاف کے ایم پی اے خرم سہیل لغاری کے خلاف خاتون کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے اورگھر پر دھاوا بول کر فائرنگ کرنے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کرلیاہے۔ تھانہ ڈیفنس اے میں خاتون آمنہ یعقوب نے تحصیل جتوئی ضلع مظفر گڑھ سے تحریک انصاف کے ایم پی اے خرم سہیل لغاری کے خلاف گھر میں گھس کر فائرنگ اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کی دفعات کے تحت درج کرایا ہے۔ خاتون کے مطابق ایم پی اے خرم سہیل لغاری نے اسے بلیک میل، ہراساں اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دے کر زبردستی ناجائز تعلقات پر مجبور کرتا ہے۔ اس نے خود کو کنوارا ظاہر کر کے تعلقات قائم کئے اور ایک سال ناجائز تعلقات پر مجبور کرتا رہا ہے۔ خرم سہیل لغاری نے زبردستی مجھ سے خالی نکاح نامے پر بھی دستخط کروا رکھے ہیں۔ میں نے ایم پی اے کے باپ چنوں خان لغاری کو بھی شکایت کی۔ چنوں خان لغاری نے کہا کہ اب وہ تمہیں دوبارہ تنگ کرے تو تم اس کے خلاف تھانے میں مقدمہ درج کرا دینا۔ باپ کو شکایت کرنے پر ایم پی اے نے میرے گھر میں گھس کر فائرنگ کر دی اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔