• news

نالائق طالبعلم دعا کرتا  چھت گرے یا ممتحن مر جائے: ہائیکورٹ 

لاہور (اپنے نامہ نگار سے ) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مزمل اختر شبیر نے مرحلہ وار میڈیکل انٹری ٹیسٹ کا امتحانی شیڈول روکنے کی درخواست مسترد کردی۔ عدالت نے رجسٹرار  یو ایچ ایس کو درخواست کا فیصلہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست نمٹادی۔ تحریری حکم میں عدالت نے ریمارکس دیئے کہ نالائق طالبعلم ہمیشہ یہی دعا کرتا ہے کہ چھت گرجائے یا ممتحن مرجائیں تا کہ امتحان نہ ہونے پائے۔ طالبہ ماریہ سعید کی درخواست پر عدالت نے کہا کہ ایک طالبعلم کی تیاری نہ ہونے کا یہ مطلب نہیں کہ ہزاروں قابل طالبعلموں کو امتحان دینے سے روک دیا جائے۔ یو ایچ ایس کو زیادہ سے زیادہ یہ کہا جاسکتا ہے کہ آپ سے زبردستی امتحان نہ لیا جائے۔ عدالت نے قرار دیا کہ پالیسی معاملات میں عدالت مداخلت نہیں کرسکتی۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ یوایچ ایس نے ایم بی بی ایس کا مرحلہ وار امتحانی شیڈول جاری کیا، داخلہ بھجوانے کے چھ دن بعد انٹری ٹیسٹ کا شیڈول جاری کردیا گیا، فوری شیڈول جاری ہونے سے تیاری کا موقع نہیں مل سکا، استدعا کی گئی کہ عدالت مرحلہ وار امتحانی شیڈول کی بجائے ایک ہی شیڈول جاری کرنے کا حکم دے۔

ای پیپر-دی نیشن