• news

اپٹما الیکشن: گوہر اعجاز گروپ کی مسلسل 12 ویں سال کامیابی

لاہور (کامرس رپورٹر) گوہر اعجاز گروپ نے مسلسل 12ویں برس آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے انتخابات برائے سال 2021-22ء میں مرکز اور زونل کی سطح پر تمام نشستیں جیت لی ہیں۔ سیکرٹری جنرل اپٹما رضا باقر نے انتخابی نتائج کا اعلان کیا جن کے مطابق حامد زمان اپٹما پنجاب کے بلا مقابلہ چیئرمین، کامران ارشد سنیئر وائس چیئرمین، خواجہ محمد انیس وائس چیئرمین اور اسد شفیع خزانچی منتخب ہو گئے ہیں۔ اس موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپٹما کے سرپرست اعلیٰ گوہر اعجاز نے عبدالرحیم ناصر کو مرکزی چیئرمین اپٹما کے عہدے کے لئے نامزد کیا اور نئی قیادت کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مالی سال کے لئے 20 ارب ڈالر کا ہدف حاصل کرنے  کے لئے اپٹما لیڈرشپ پوری کوشش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اپٹما نئی پانچ سالہ ٹیکسٹائل پالیسی کی منتظر ہے۔اس موقع پر نامزد مرکزی چیئرمین عبدالرحیم ناصر نے ٹیکسٹائل انڈسٹری کی ترقی کے لئے اپنا وژن بھی پیش کیا۔ گوہر اعجاز نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کے باعث اس سال ٹیکسٹائل ایکسپورٹ میں میں تین ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔ نئی100 ٹیکسٹائل ملز لگنے  سے 20 لاکھ لوگوں کو روزگار ملے گا۔ پاکستان میں کپاس کی پیداوار بڑھانے کے لئے براذیل، ازبکستان، چین اور امریکہ سے رابطہ کیا ہے اس کے علاوہ حکومت کو کہا ہے کہ ملک میں کپاس کی پیداوار میں اضافے کے لئے اپٹما فنڈز فراہم کرے گی۔

ای پیپر-دی نیشن