مینار پاکستان واقعہ، پراسیکیوشن ٹیم کو بریفنگ، ٹک ٹاکر کی ڈی آئی جی سے ملاقات
لاہور (نامہ نگار+ اپنے نامہ نگار سے) گریٹر اقبال پارک میں ٹک ٹاکر خاتون عائشہ اکرم سے دست درازی کے واقعہ پر انویسٹی گیشن پولیس نے محکمہ پراسیکیوشن کی خصوصی ٹیم کو کیس میں ہونے والی پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی۔ بتایا کہ تمام ویڈیوز فرانزک کے لیے لیب بھجوائی جاچکی ہیں۔ متاثرہ خاتون کے پھٹے کپڑوں سے فنگر پرنٹس لینے کے لئے سیمپل بھی مختلف محکموں کو بھجوائے گئے ہیں جبکہ نادرا کے ریکارڈ سے ملزمان کی شناخت کا عمل اور گرفتاری جاری ہے۔ پولیس نے فائل میں جائے وقوعہ کا نقشہ بنوا کر شامل کر لیا ہے شناخت پریڈ مکمل ہونے کے بعد ملزمان کا عدالت سے جسمانی ریمانڈ لیا جائے گا۔علاوہ ازیں ٹک ٹاکر عائشہ اکرم نے گزشتہ روز ڈی آئی جی انویسٹی گیشن شارق جمال سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ڈی آئی جی نے کیس میں ہر ممکن تعاون اور انصاف کی یقین دھانی کرائی ۔ عائشہ اکرم نے تفتیشی اداروں اور تفتیش کی پیش رفت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ عائشہ اکرم کا کہنا تھا کہ اب تک چار ملزمان کی کنفرم شناخت کر چکی ہوں۔ پوری کوشش ہے کہ اصل ملزموں کو ہی شناخت کروں۔ ٹک ٹاک شوق ہے لیکن پی آئی سی میں اپنی ملازمت جاری رکھوں گی۔