• news

شیخ رشید کی ملاقات، عوامی مفاد کا ہر کام کر رہے ہیں: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب کے ہر شہر اور دیہات کی یکساں ترقی ہمارا ویژن ہے۔ صوبے کے مالی امور میں شفافیت اورانتظامی امور میں میرٹ ہمار ا نصب العین ہے۔عوام سے کیے گئے وعدے پورے کررہے ہیں اور ہر شہری کو صحت، تعلیم کے یکساں اور ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں اور ہر وہ کام کررہے ہیں جس کا براہ ر است فائدہ عوام کوپہنچے۔ کبھی زبانی جمع خرچ نہیں کیا۔ نمائشی منصوبوں کی بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں۔ ماضی میں ترقی محض کاغذوں میں تھی،اب ترقی زمین پر نظر بھی آتی ہے۔ تنقید برائے تنقید کرنے والے ہوش کے ناخن لیں۔الزامات کی سیاست کبھی کی ہے نہ کریں گے۔ منفی سیاست کا جواب عوام کی خدمت سے دیا ہے اور دیتے رہیںگے۔ تحریک انصا ف کی حکومت نئی نسلوںکو پرامن، روشن اور خوشحال پاکستان دے گی۔ عثمان بزدار نے کابل ایئر پورٹ پر دھماکوں کی شدید مذمت کی ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ لاہور کے شہریوں کی سہولت کیلئے اربوں روپے کے میگامنصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے اور ہماری حکومت نے ایسے منصوبے شروع کیے ہیں جن سے لاہور کے شہریوں کو حقیقی معنوں میں سہولتیں ملیںگی۔لاہورپاکستان کا دل ہے اوراس دل کو خوبصورت ترین بنائیںگے۔ بزدار نے الفیصل ٹاؤن کی رہائشی لڑکی صائمہ سرور کے حوالے سے نشر ہونے والی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے والدہ کے علاج معالجے اور مالی امداد کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایات جار ی کر دی ہیں۔عثمان بزدار سے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ملاقات کی۔ باہمی دلچسپی کے امور سیاسی صورتحال اور امن عاملہ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک نازک دور سے گزر رہا ہے۔ خطے کی بدلتی صورتحال کے تناظر میں پہلے سے زیادہ اتفاق اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے۔ موجودہ حالات  میں اپوزیشن جماعتیں ڈیڑھ انچ کی مسجد بناکر منفی سیاست کر رہی ہیں۔ ان لوگوں کو عوام کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں۔ منفی رویے اور انتشار کی سیاست ملک کی یکجہتی اور استحکام کیلئے نقصان دہ ہیں۔ قومی مفادات کے خلاف مصروف عمل عناصر کو اتحاد کی ضوت سے روکنا ہو گا۔ ملک کی مضبوط ہوتی معیشت کو کرپٹ ٹولے کی منفی سیاست کی نذر نہیں ہونے دیں گے۔ شیخ رشید نے  کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کی حکومت نے افغان  ایشو پر مثبت کردار ادا کیا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن