• news

ذاتی خوا ہشات سے بلند ہو کر ملک کی خدمت کرنا ہو گی: شہباز شریف

 کراچی (نوائے وقت رپورٹ) شہبازشریف  نے کراچی میں عشائیہ سے خطاب  میں کہا کہ کراچی کا امن بحال ہونے کا سوفیصد کریڈٹ نوازشریف حکومت کو جاتا ہے۔ نوازشریف کی غیرمتزلزل کمٹمنٹ اور خلوص کے باعث کراچی کے شہریوں کو بوری، بھتے اور پرچیوں سے نجات ملی۔ تاریخ کے اوراق میں محمد نوازشریف کی کاوش ہمیشہ یاد رہے گا۔ بدقسمتی سے لوڈشیڈنگ آج پھر ایک حقیقت بن چکی ہے۔ کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی اپنے بجلی پلانٹ موجود ہونے کے باوجود نہیں چلارہے ہیں۔ میں نے بہت شور مچایا کہ کراچی الیکٹرک اپنے پلانٹ چلائے۔ پاکستان کی سوچ کے حوالے سے بات ہونی چاہئے۔  نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) نے  بجلی بنا کر ملک سے اندھیروں کا خاتمہ کیا۔ اس میں سی پیک اور نان سی پیک منصوبے شامل تھے۔ توانائی کی قلت کے خاتمے کی وجہ سے کراچی کی روشنیاں واپس آئیں، صنعتوں کی چمنیوں سے دھواں نکلنا پھر سے شروع ہوا۔ ہم ان مشکل ترین مسائل کا سامنا کرنے میں کامیاب ہوئے۔ یہ کوئی معمولی کامیابی نہ تھی۔ ہم نے دن رات کام کیا ہم نے اس مقصد کے حصول کے لئے ہم نے اپناخون پسینہ بہایا۔ دن رات محنت کی۔ ہم نے اربوں ڈالرز کے منصوبے لگائے، قوم کے اربوں روپے بچائے اور آج 45 لاکھ کے پھول بوٹوں کے الزام لگائے جارہے ہیں۔  سی پیک اور پاکستان کے محدود وسائل سے جو منصوبے لگائے، اللہ کے کرم سے ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہ ہوسکی۔ ہم پہلے پاکستانی ہیں اور پھر ہماری دیگر شناختیں ہیں۔ پاکستان آگے چلے گا تو چاروں صوبے بھی آگے چلیں گے، ترقی کریں گے۔ اجتماعی کوشش کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا ، ذاتی خواہشات اور اغراض سے بلند ہوکر ملک کی خدمت کرنا ہوگی۔ انتھک محنت سے کام کرکے پاکستان کو ترقی یافتہ ملکوں کی صف میں لیجانا ہوگا۔ چند لوگوں نے جنہیں بوجھ سمجھا تھا، آج ان کی برآمدات 40 ارب ڈالر سے اوپر ہیں۔ ان کا ٹکا ہم سے زیادہ مضبوط ہے، ہم 20 اور 25 ارب ڈالر برآمدات کے اردگرد گھوم رہے ہیں۔ آج خود احتسابی کرنے کی ضرورت ہے کہ یہ سب کیوں ہوا اور ہم کس طرف جارہے ہیں ۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے ڈاکٹرز پر پولیس کے تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پڑھے لکھے لوگوں پر لاٹھیاں برسانا جہالت  ہے ۔ مسئلہ سننے ، سمجھنے اور خوش اسلوبی سے حل کرنے کے بجائے لاٹھی اور آنسو گیس استعمال کرنا افسوسناک ہے۔ مفت دوا ختم کرنے اور قیمت میں 500 فیصد اضافے کے بعد اب ڈاکٹرز پر لاٹھیاں برسائی جارہی ہیں۔ ڈاکٹرز کرونا سے اور حکومت ڈاکٹرز سے لڑ رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن