• news

رمیزہ مجید نظامی کی قیادت میں گوادر سے نوائے وقت‘ دی نیشن کی اشاعت  لائق تحسین‘ قاسم سوری‘ شیخ راشد شفیق

اسلام آباد‘ راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ گوادر بلوچستان کی ترقی کا سنگ میل ہی نہیں بلکہ روشن پاکستان کا درخشندہ اور ترقی یافتہ شہر بن رہا ہے۔ دو قومی نظریہ کے علمبردار روزنامہ نوائے وقت کی گوادر سے اشاعت انتہائی قابل تعریف اقدام ہے۔ محترمہ رمیزہ مجید نظامی کی لیڈر شپ میں گوادر سے نوائے وقت کی اشاعت لائق تحسین ہے۔  گوادر سے نوائے وقت کا اجراء کرکے دراصل ملکی تعمیرو ترقی کے عمل میں نوائے وقت گروپ نے اپنا نمایاں کردار انجام دیا ہے۔ گوادر میں مثبت اور با مقصد صحافت وقت کی اہم ضرورت تھی جو نوائے وقت کی اشاعت سے ممکن ہوگئی ہے۔ اس سے گوادر کی معاشی سرگرمیوں اور سی پیک کے حوالے سے  بہترین رپورٹنگ  ممکن ہوگی اور ملکی و غیرملکی سرمایہ کاری کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔ نوائے وقت ایک نظریاتی اخبار کا درجہ رکھتا ہے جس نے ملکی سیاسی‘ سماجی اور اخلاقی اقدار کے فروغ‘ معیشت کی ترقی کو اپنے صفحات میں اجاگر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ گوادر میں نوائے وقت کی ترقی کے لئے دعا گو رہیں گے۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری وزارت نارکوٹکس کنٹرول شیخ راشد شفیق نے کہا ہے کہ انہیں گوادر سے نوائے وقت کی اشاعت سے دلی خوشی ہوئی ہے۔ گوادر پاکستان کی ترقی کی آواز بن چکا ہے جس میں نئی بندرگاہ بننے سے خطے کی ترقی کا رخ ہی بدل چکا ہے۔ نوائے وقت ملکی صحافت میں رہنما  اخبار ہے جو ہمیشہ پاکستان اور پاکستانیت کیلئے ایک توانا آواز بنا ہے۔ شیخ راشد شفیق نے کہا کہ نئے دور میں ملکی تعمیر و ترقی میں گوادر اہم ترین شہر ہوگا جہاں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعمیرو ترقی کے مواقع سامنے آرہے ہیں۔ اس مرحلے پر نوائے وقت کا تیزی سے ترقی کے مراحل طے کرتے گوادر میں اپنی اشاعت شروع کرنا واقعی ایک قابل تعریف کارنامہ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن