• news

کرپشن فری پاکستان کیلئے پر عزم: چیئرمین نیب 

اسلام آباد (نامہ نگار) قومی احتساب بیورو کے چیئرمن جسٹس ر جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب بدعنوانی کے خاتمے کو قومی فرض سمجھ کر ادا کر رہا ہے۔ نیب کرپشن فری پاکستان کے لئے پر عزم ہے۔ چئیرمن نے کہا کہ نیب بدعنوانی کے خاتمے اور بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی رقم وصول کرنے کے لئے قائم کیا گیا۔ نیب نے اپنے قیام سے لے کر اب تک بالواسطہ اور بلا واسطہ طور پر 822ارب روپے قومی خزانہ میں جمع کروائے ہیں۔ جبکہ نیب مقدمات میں سزا کی شرح 66فیصد ہے۔ جو کہ انسداد بدعنوانی کے دیگر اداروں کے مقابلے میں شاندار کارکردگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کا ایمان کرپشن فری پاکستان ہے۔نیب کی کارکردگی کو قومی اور بین الاقوامی معتبر اداروں جیسے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان، عالمی اقتصادی فورم، پلڈاٹ اور مشال پاکستان نے سراہا ہے۔گیلانی اینڈ گیلپ سروے کے مطابق 59فیصد لوگ نیب پر اعتماد کرتے ہیں۔ چئیرمین نیب نے کہا کہ نیب اقوام متحدہ کے انسداد بدعنوانی کے تحت پاکستان کا فوکل ادارہ ہے۔ پاکستان نے ماضی میں اس کی توثیق کی ہے۔نیب کی کوششوں کے باعث یہ پاکستان کے لئے قابل فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب سارک اینٹی کرپشن فورم کا پہلا چئیرمن ہے۔ نیب اپنی آ گاہی، تدارک اور انفورسمنٹ پالیسی کے باعث سارک ممالک کے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے۔ پاکستان واحد ملک ہے جس نے بدعنوانی کے خاتمے کے تناظر میں تعاون بڑھانے اور سی پیک منصوبوں کی نگرانی  کے لئے چین کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ نیب کی کارکردگی میں بہتری کے لئے نیب کے تمام علاقائی بیوروز کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ چئیرمین نیب کی ہدایت پر بزنس کمیونٹی کی شکایات سننے کے لئے نیب ہیڈکوارٹرز اور تمام علاقائی بیوروز میں خصوصی سیل قائم کئے گئے ہیں۔ کیو نکہ نیب بزنس کمیونٹی کا بے حد احترام کرتا ہے جو کہ ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ نیب کا کسی سیاسی جماعت گروپ یا فرد سے کوئی تعلق نہیں۔ نیب کا تعلق صرف ریاست پاکستان سے ہے۔ چئیرمین نیب نے تمام علاقائی بیوروز کو ہدایت کی کہ نیب افسران نیب میں آنے والے تمام افراد کا احترام کریں کیونکہ نیب انسان دوست ادارہ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن