• news

پی ٹی آئی حکومت تین سالوںمیں ایک بھی وعدہ پورا نہیںکر سکی:چوہدری شہباز

شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت) مسلم لیگ (ن) کے سٹی نائب صدر چوہدری شہباز احمد چھینہ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے تین سال عوام کیلئے کسی عذاب سے کم ثابت نہیں ہوئے، ملکی ترقی کا پہیہ جام کیا گیا، معیشت تباہ اور عوام بدحال ہوئے، کوئی ایک وعدہ بھی پورا نہیں ہوا، حکمرانوں کا عوامی خدمت کا دعویٰ جھوٹا ہے، نواز لیگ نے اپنے دور اقتدار میں لوڈشیڈنگ ہمیشہ کیلئے ختم کی، درپیش مسائل اور بحرانوں کا خاتمہ کیا، ملک کا امن بحال کیا، دہشت گردی ختم کی ، معیشت کو دوام میسر دیا اورسی پیک جیسا تاریخ ساز منصوبہ معرض وجود میں لاکر پاکستان کو معاشی ٹائیگر بنانے کی راہ ہموار کی ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے چوہدری سرفراز احمد، کامران علی ورک، بلال احمد ورک و دیگر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے کیا، چوہدری شہباز احمد نے کہا کہ گزشتہ تین سالوں میں نواز لیگ کی قیادت نے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر عوامی حقوق کی بات کی، جمہوری اقدار کے تحفظ کی سوچ کو اجاگر کیا، حکمرانوں کی انتقامی کارروائیوں سے قوم کو آگاہ کرنے سمیت حکمرانوں کی نااہلی و نالائقی قوم کے سامنے رکھی یہی وجہ ہے کہ لیگی قیادت کو بار بار انتقامی کاروائیوں کا شکار کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن