qقازقستان: اسلحہ گودام میں 6دھماکے،4اہلکاروں سمیت13افراد ہلاک
نورسلطان+ دوشنبے (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی+ اے پی پی) قازقستان کے جنوبی شہر تراز میں اسلحہ گودام میں یکے بعد دیگرے 6 دھماکوں کے نتیجہ میں 4اہلکاروں سمیت 13 افراد ہلاک ،4لاپتہ ہوگئے جبکہ60سے زائد فوجی زخمی ہوئے ہیں۔ فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق ملک کی ہنگامی صورتحال کی وزارت نے جاری بیان میں کہا ہے کہ قازقستان کے جنوبی شہر تراز میں اسلحہ گودام میں یکے بعد دیگرے 6 دھما کوں کے نتیجہ میں مزید 9اموات کی اطلاع ملی ہے جبکہ اس سے پہلے 4افرا د کی اموات کی اطلاع سامنے آئی تھی۔ وزارت کے بیان میں دھماکوں کے متاثرین میں ہنگامی خدمات کے کارکنوں اور فوجی عملے کا ذکر کیا گیا ہے۔ وزارت نے مزید کہا کہ 4 افراد لاپتہ ہیں۔ فی الحال یہ واضح نہیں کہ زنبیل صوبے میں ان دھماکوں کی وجہ کیا تھی۔ تاہم حکام کے مطابق یہ دھماکے اس جگہ ہوئے، جہاں انجینئرنگ کے شعبے میں کام آنے والا دھماکا خیز مواد ذخیرہ کیا گیا تھا۔ مقامی حکام کے مطابق اس بارودی ذخیرہ گاہ میں تقریبا دس دھماکے ہوئے۔ اس واقعے کے بعد آس پاس کا علاقہ خالی کرا لیا گیا۔
قازقستان دھماکے