تاریخ میں صرف انسانیت کی خدمت کرنے والے زندہ رہتے ہیں: گورنر
لاہور (نیوز رپورٹر+ اے پی پی) جمعہ کے روز گور نرہائوس لاہور میں ہونیوالی گورنر ایوارڈز تقریب کے دوران گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے سماجی خدمات کے اعتراف میں ایدھی فائونڈیشن فیصل ایدھی‘ انصاف کی فراہمی میں بہترین کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے پر جسٹس (ر) ناصرہ جاوید اقبال، غریبوں کی فلاح وبہبود کے شعبے میں کام کرنے پر سماجی کارکن کرن علیم خان، بزنس کے شعبے میں خواتین کی ترقی کے لیے اقدامات پر شہلا جاوید اکرم، غریب خاندانوں کو صحت اور تعلیم کے شعبے میں سہولتوں کی فراہمی پر ون ویژن 4گولز کے وائس چیئرمین عمران سلیمی، تیزاب سے متاثرہ خواتین کی بحالی کیلئے خدمات پر مسرت مصباح، کرونا وباء کے دوران انسانیت کی خدمت کے اعتراف میں درمان اشرف، ریسکیو1122سے تعلق رکھنے والی دیبا شاہنواز اختر، لیڈی گولف پی جی ایف کی چیئر پرسن عاصمہ افضل شامی، پاسبان ویلفیئر سنٹر کی سابق چیئر پرسن مسز شمشاد شاہنواز کو بھی سماجی خدمات کے اعتراف میں گورنر ایوارڈز سے نوازا۔ جبکہ صحت کے شعبے میں بہترین خدمات پر فائزہ خرم، تعلیم کے شعبے میں بہترین کارکردگی پر محسن مختار، پروفیسر بلقیس صابر، پروفیسر مرہم ملک، پنجاب گرلز گائیڈ کی سلمہ ساجد کو خواتین کی تربیت کے شعبے میں نمایاں کارکردگی پر ایوارڈز سے نوازا اور صحت کے شعبے میں بہترین کارکردگی پرڈاکٹر محمد ندیم خواجہ، نگہت شاکر، ڈاکٹر انیسہ فاطمہ، ڈاکٹر عدنان گیلانی کو گورنر ایوارڈز دیا۔ جبکہ سپیریئر یونیورسٹی کی ریکٹر ڈاکٹر سمیرا رحمن، ڈاکٹر ولید شفقت، ماہین شاہد، ڈاکٹر زاہد پرویز، محمد یاسین خان نادرہ عمر شعیب نعیم، سعدیہ خان اور مسز صباحت رفیق کو بھی چوہدری محمد سرور نے گورنر ایوارڈز سے نوازا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب کی اہلیہ بیگم پروین سرور سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ گورنر ایوارڈز تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کے دوران گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ تاریخ میں بڑے محلات اور دولت رکھنے والے نہیں صرف اور صرف انسانیت کی خدمات کرنے والے ہی زندہ رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے جس کو بھی عہدہ اور کوئی ذمہ داری دی ہے ان سب کو اپنے عہدے سے انصاف کر نا چاہیے۔ گورنر پنجاب کی اہلیہ بیگم پروین سرور نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ اے پی پی کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چودھری سے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے جمعہ کو ایوان صدر کشمیر ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر پوری شدومد سے اجاگر کیا جائیگا۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری کو لاہور کے دورے کی دعوت دی جو صدر آزاد کشمیر نے قبول کر لی۔
گورنر سرور