پاکستان کو افغانستان کے پائیدار حل کا لازمی حصہ ہونا چاہئے: امریکی سینیٹر
واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) امریکی سینیٹر لِنزے گراہم کا کہنا ہے کہ پاکستان کو افغانستان کے تنازعہ کے ’پائیدار حل‘ کا لازمی طور پر حصہ ہونا چاہیے۔ان کے یہ ریمارکس امریکہ میں پاکستان کے سفیر اسد مجید خان کے ساتھ خطے کے بارے میں بات چیت کے بعد سامنے آئے۔ امریکی سینیٹر نے ٹوئٹر پر لکھا کہ افغانستان کے کسی بھی پائیدار حل میں پاکستان کو شامل ہونا چاہیے، یہ خطہ انتہائی پیچیدہ اور موجودہ دور میں نہایت خطرناک ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کو یاد رکھنا چاہیے کہ پاکستان، ایٹمی ہتھیاروں سے لیس ملک ہے۔ لِنزے گراہم نے ٹوئٹر پر لکھا کہ 'امریکی شہریوں، ہمارے اتحادیوں اور دیگر ممالک کی انخلا میں مدد کرنے پر پاکستانی حکومت کی کوششوں کی تعریف کرتے ہیں۔ امریکی سینیٹر کو ایک ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے پاکستانی سفیر نے کہا کہ انہوں نے سینیٹر لِنزے گراہم سے افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر بات کی تھی اور انہیں افغانستان سے انخلا میں معاونت کے لیے پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا۔