• news

گوادر سی پیک گیم چینجر، نوائے وقت کا اہم رول ہوگا: شیخ رشید

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ میرا نوائے وقت فیملی سے گہرا تعلق ہے۔ مجھے اس بات پر بڑی خوشی ہوئی ہے کہ ندائے ملت پبلیکیشنز نے گوادر سے نوائے وقت کی اشاعت شروع کی ہے۔ نوائے وقت کی گوادر سے اشاعت کے باعث علاقے میں ذمہ دار صحافت ممکن ہو گئی ہے۔ سی پیک اور گوادر کی ترقی پاکستان کی ترقی بنے گی۔ اس مرحلے پر نوائے وقت نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ جناب مجید نظامی کی محبت اور شفقت مجھے ہمیشہ حاصل رہی۔ وہ دو قومی نظریہ، پاکستان کی ترقی اور قومی خودداری کے علمبردار تھے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ نوائے وقت نے ہمیشہ پاکستان کی آواز بن کر صحافت پروان چڑھا ئی ہے۔ اس کا رول ہمیشہ مشعل راہ بنا ہے۔ مجید نظامی مرحوم کے بعد محترمہ رمیزہ مجید نظامی نے گوادر سے نوائے وقت کا اجراء کر کے ملکی تعمیر و ترقی میں اہم خدمت انجام دی ہے۔ جس پر میں انہیں خراج تحسین پیش کرنا ہوں۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں گوادر میں نوائے وقت کی ترقی کے لئے دعا گو ہوں اور انشاء اللہ گوادر اور سی پیک ملک کی ہی نہیں بلکہ اس خطے میں معاشی ترقی کے گیم چینجر ہیں۔ جس میں نوائے وقت کا بھی بڑا اہم رول ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن