’’کشمیر پر بھارت زبردستی قابض‘‘ بیان پر تنازعہ شدید تنقید کے بعد نوجوت سنگھ سدھو کے مشیر مستعفی
پسرور (نامہ نگار) بھارتی پنجاب کانگریس کے صدر اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کے مشیر مالویندر سنگھ مالی نے سوشل میڈیا پر کی گئی ایک پوسٹ میں قرار دیا تھا کہ کشمیر پر بھارت نے زبردستی قبضہ کیا ہوا ہے اور دفعہ 370 اور 35 اے کی منسوخی آئین کے خلاف ہے۔ ان کے اس بیان پر بھارتی میڈیا نے واویلا مچانا شروع کر دیا اور کانگریس کے مرکزی قائدین سونیا گاندھی، راہول گاندھی اور بھارتی پنجاب کے صدر نوجوت سنگھ سدھو پر شدید تنقید شروع ہوگئی۔ جس پر نوجوت سنگھ سدھو کے مشیر نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔ قبل ازیں نوجوت سنگھ سدھو کے ایک اور مشیر پیارے لال گرگ نے بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ امریندر سنگھ کو مشورہ دیا تھا کہ انہیں پاکستان کے خلاف بیانات نہیں دینے چاہیں جس پر بھارتی میڈیا میں تنقید جاری ہے۔