سلیکٹڈ حکومت ہر طرف سے عوام پر حملہ آور، ملک میں مہنگائی کا راج: بلاول
ٹنڈوالہ یار (نوائے وقت رپورٹ) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت ہر طرف سے عوام پر حملہ آور ہے، ملک میں مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کا راج ہے، عوام کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے۔ ورکرز کنونشن سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ جب بھی سلیکٹڈ حکومت آتی ہے، عوام کا خون چوستی ہے، کوئی جماعت سلیکٹڈ کا مقابلہ کرسکتی ہے تو وہ پیپلزپارٹی ہے، حکومت عوام کے معاشی قتل پر اتر آئی ہے، ماضی میں کبھی غربت اور مہنگائی میں اتنا اضافہ نہیں ہوا، حکومت نے پاکستان سٹیل بند کر کے 10 ہزار خاندانوں کو بے روزگار کر دیا، ایک ہی صوبہ ہے سندھ جہاں پبلک سروس کمشن پر تالا لگا ہوا ہے۔کیا ہماری قسمت میں لکھا ہے کہ ہمیشہ غریب ہی رہیں گے ؟ خان صاحب روٹی، چھت، روزگار چھین رہے ہیں، ملک میں کوئی جماعت اپوزیشن کرسکتی ہے تو وہ پیپلزپارٹی ہے، ناکام ترین حکومت کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہو جائیں۔ جیالے جانتے ہیں جلسہ مارچ کیسے کیا جاتا ہے مہنگائی، بیروزگاری اور غربت تبدیلی کا اصل چہرہ ہے۔ عمران خان کی حکومت نے عوام کے روزگار پر ڈاکہ ڈالا ہے۔ جیالوں کو تیاری کرنی ہوگی تاکہ اس نا اہل حکومت کا مقابلہ کرسکیں۔ وہ انسانی حقوق چھیننا چاہتے ہیں، جمہوری حقوق پر ڈاکہ ڈال رہے ہیں۔ جس طریقے سے پہلے روز سے اس ملک کے غریب عوام اس حکومت کے نشانے پر تھے، جب سے یہ حکومت آئی ہے بیروزگاری، غربت مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے۔ مہنگائی کی شرح پاکستان کی بنگلہ دیش، افغانستان سے بھی زیادہ ہے، یہ عمران خان کی تبدیلی ہے۔ غربت اور بیروزگاری میں اضافہ جو اس حکومت میں ہوا اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ پیپلز پارٹی حکومت میں ہوکر کوشش کرتی ہے کہ غریب عوام کا ساتھ دیں مگر اس حکومت نے عوام کے روزگار کے حق پر ڈاکہ ڈالا ہے۔ پیپلز پارٹی کے دور میں جنہیں روزگار ملا تھا انہیں بھی بیروزگار کردیا گیا۔ 16 ہزار خاندانوں کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ خان صاحب کی اگر 3 سال میں کوئی کامیابی ہے تو وہ تاریخی غربت ہے، تاریخی بیروزگاری ہے، تاریخی مہنگائی ہے۔انہوں نے کہا کہ ابھی جشن منالیں جب پاکستان کے عوام کے ہاتھ میں یہ فیصلہ آئے گا تو وہ پاکستان پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں گے اور نالائقوں کو بھگائیں گے۔ خان چوروں کے خلاف بڑا شورمچاتا تھا خود چوری کرنا شروع کردی ہے، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے مطابق موجودہ حکومت میں تاریخی کرپشن ہورہی ہے، خان صاحب نے آٹا، چینی بھی چوری کرایا۔ زرداری دورمیں روزگاردلانے کے ریکارڈ ٹوٹ گئے، خان صاحب کے دورمیں نوکریاں دینے کے بجائے روزگارچھینے جارہے ہیں۔ فوجیوں کی تنخواہوں میں صرف پیپلزپارٹی نے اضافہ کیا، پیپلزپارٹی کی حکومت میں ہمیشہ روزگارملتا ہے۔ سلیکٹڈ نے تین سالوں میں تنخواہ، پنشن میں اضافہ نہیں کیا۔ ہم کسی بھی صوبے کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دیں گے، وزیراعلیٰ سندھ صبح سے کھلی کچہریوں کا آغازکریں گے۔ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ غریب آدمی کوریلیف دیا۔ عمران خان کی پہلی اور آخری حکومت ہے۔اگر تین سال میں کوئی کامیابی ہے تو وہ تاریخی غربت ہے۔ پاکستان کے عوام نے ان حکمرانوں کو نہ پہلے مانا اور نہ آج ان کو مانتے ہیں اور آنے والے کل میں ان کو بھگائیں گے۔