پارلیمنٹ نے لوگوں کو روزگار دلوایا کوئی نہیں چھین سکتا:بلاول
خیرپور (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر پارلیمان نے لوگوں کو روزگار دلوایا ہے تو کوئی اور نہیں چھین سکتا۔ سرکاری ملازمین سے متعلق حالیہ عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل میں جائیں گے۔ خیرپور میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹوزرداری کا کہنا تھا کہ نا اہل اور ناجائز حکومت کو ہم پرمسلط کیا گیا ہے۔ سلیکٹڈ عمران خان ایک کروڑ نوکریوں کا دعویٰ کرتا تھا لیکن عمران خان نے لوگوں سے نوکریاں چھین لیں۔ محترمہ بے نظیر بھٹو نے16 ہزار سے زائد خاندانوں کو روزگار دیا تھا، پارلیمان سپریم ادارہ ہے، پیپلزپارٹی کی حکومت آرہی ہے، جن جن لوگوں سے نوکریاں چھینی گئی ہیں، ان سب کو بحال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بنی گالا میں گھرکو ریگولرائزکیا گیا اورگجر نالے پر غریبوں کیگھر توڑے گئے، کیا یہ تبدیلی ہے، مزدور کو اس کی محنت کا صلہ نہیں مل رہا اور عمران خان 3 سالہ دور حکومت کا جشن منارہے ہیں۔ بلاول کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت حق روزگار پر اسی طرح ڈاکا مارتی رہی تو پورا سندھ سڑکوں پر ہوگا، پانی کی تقسیم میں بدانتظامی عوامی غصے کو جنم دے رہی ہے، عمران خان ہوش کے ناخن لیں۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کے آمرانہ رویوں سے احساس محرومی جنم لے رہا ہے۔ عوام کے ساتھ امتیازی سلوک برداشت نہیں۔ ملکی صورتحال کو بھانپ رہے ہیں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔