وعدہ کر کے شادی میں نہ آنے والوں کو دولہا دلہن نے اخراجات کا بل بھیج دیا
شکاگو (نوائے وقت رپورٹ) امریکی ریاست الینوائے کے شہر شکاگو سے تعلق رکھنے والے نوبیاہتا جوڑے نے شادی کی تقریب میں شرکت کا وعدہ کرنے کے باوجود نہ آنے والے مہمانوں کو اخراجات بل بھیج دیا۔ دلہا نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر تقریب کے اخراجات کا 240 ڈالرز کا بل پوسٹ کیا اور شرکت نہ کرنے والے مہمانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے ’اخراجات کے اس بل کو دیکھ کر ناراض مت ہوں، میں یہ آپ کو بذریعہ ای میل بھی ارسال کروں گا تاکہ آپ یہ عذر پیش نہ کر سکیں کہ ہمیں تو یہ موصول ہی نہیں ہوا‘۔ بل میں لکھا ہے کہ یہ بل آپ کو اس لیے بھیجا جا رہا ہے کیونکہ آپ نے تقریب میں شرکت کا وعدہ کیا تھا۔ بل میں درج رقم آپ کے لیے خالی رکھی جانے والی نشستوں کی ہے۔ کیونکہ آپ نے تقریب میں شریک نہ ہونے کے لیے اطلاع نہیں دی تھی۔ یہ رقم آپ پر واجب الادا ہے۔ نیویارک پوسٹ سے گفتگو کرتے ہوئے دلہے نے کہا کہ میں اور میری اہلیہ ان مہمانوں کی تقریب میں عدم شرکت سے بہت ناراض ہیں۔ کیونکہ وہ ہماری خوشیوں میں شامل نہیں ہوئے۔ جس پر ہمیں یہ قدم اٹھانا پڑا۔ دلہے نے کہا کہ انہوں نے ہمیں متعدد بار تقریب میں شرکت کی یقین دہائی کرائی تھی جس پر ہم نے انتظامات کیے، اب یہ اخراجات انہی کو اٹھانا ہوں گے۔