• news

پی ٹی آئی دعوؤں کے پہاڑ سے مہنگائی ، بیروزگاری ، کرپشن نکلی: سراج الحق 

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہوزیراعظم قوم کو بتائیں کہ بالکل نہیں سے مکمل ہاں کیسے اور کیوں ہوئی؟ نیٹو فورسز کے لوگوں کو ملک میں بسانا کرونا سے زیادہ خطرناک ہو سکتا ہے۔ افغانستان سے نکلنے والے غیر ملکیوں کوملک کے بڑے شہروں میں کیوں بسایا جا رہا ہے۔ قوم پوچھ رہی ہے یہ فیصلہ کہاں ہوا اور اس کے پیچھے کیا مقاصد ہیں؟۔ افغانستان سے نیٹو اور امریکی افواج کے ہزاروں افراد کی منتقلی کا فیصلہ کس فورم پر ہوا۔ قوم کو آگاہ کیا جائے؟پرویز مشرف نے اڈے دئیے تھے جس سے ستر ہزار پاکستانی پرائی جنگ کا ایندھن بن گئے۔ موجودہ حکومت شہر حوالے کر کے اپنی قوم کو کس عذاب میں مبتلا کرنا چاہتی ہے؟۔ خطے سے امریکہ کی مکمل واپسی تک امن قائم نہیں ہو سکتا۔ پاکستان کے اس فیصلے کے نتائج خطرناک ہونگے۔ حکومت کا سونامی تین سال میں ناکامی، بد نامی اور غلامی بن چکا ہے۔ پی ٹی آئی دعووں کے پہاڑوں سے مہنگائی، بے روزگاری اور کرپشن نکلی۔ جماعت اسلامی کی 80سالہ جدوجہد تاریخ کا سنہرا باب ہے۔ نبی اکرمﷺکا ہر عمل ہمارے لئے بہترین نمونہ ہیں۔ جماعت اسلامی اسی سیاست کی وارث ہے۔ ہم ملک میں وہی نظام چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزاسلامی پشاور میں یوم تاسیس کے حوالے سے منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لاہور میں میڈیکل کالجز کے طلبہ وطالبات اور ینگ ڈاکٹرز پر پولیس کی طرف سے تشدد، شیلنگ، لاٹھی چارج کو ریاستی دہشت گردی قرار  دیتے ہوئے کہا مذاکرات کے ذریعے اس مسئلے کو فوری طور پر حل کیا جائے۔ وزیراعلی پنجاب پولیس گردی کا فوری نوٹس لیں اور زہریلی گیس استعمال کرنے کے حوالے سے ذمہ داروں کو فوری سزا دیں۔

ای پیپر-دی نیشن