شہباز شریف کیخلاف مضبوط مقدمات ، سیاست چھوڑ کروکلاء سے مشورہ کریں : فواد چودھری
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ، آئی این پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ شہباز شریف کیخلاف مضبوط کیسز ہیں، لگتا نہیں کہ زیادہ دیر جلسوں سے خطاب کر سکیں، وہ سیاست چھوڑ کر وکیلوں سے مشورہ کریں۔شہباز شریف کی کراچی میں پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کے بھائی لندن سے واپس آ کر مقدمات کا سامنا کریں۔ پی ڈی ایم کے کراچی جلسے میں کوئی پاور نہیں تھی، ملکی تاریخ میں ایسی نا اہل اپوزیشن نہیں دیکھی۔ مولانا فضل الرحمن نے جس اتحاد کی بھی قیادت کی وہ کامیاب نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی کراچی میں ریلی دراصل پیپلزپارٹی کے خلاف تھی، اس دوران کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی انتہائی قابل مذمت ہے، اپوزیشن کب تک معصوم جانوں سے کھیلتی رہے گی۔ ملک میں مہنگائی اس لئے ہوئی کہ شہباز شریف کے صاحبزادے ، بھتیجے اور داماد ملکی دولت لوٹ کر بیرون ملک چلے گئے۔آئی این پی کے مطابق وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہم افغانستان کومستحکم کرنے کیلئے پرممکن کوشش کر رہے ہیں ، ہماری معیشت اس بات کی اجازت نہیں دیتی کہ ہم مزید افغان مہاجرین کا بوجھ اٹھا سکیں، ہم علاقائی اوربین الاقوامی طاقتوں کے ساتھ مل کرکام کررہے ہیں تاکہ افغانستان میں ایک منظم حکومت کا قیام ہوسکے۔ اگرمسئلہ افغانستان کے بارے میں پاکستان کے مشوروں کو نظراندازکیا گیا تو دنیا کو ایک نئے مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے ترک ٹی وی چینل ٹی آرٹی کوانٹرویودیتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی کہانی بہت پرانی ہے، ہم افغانستان کی صوتحال کاسامنا کئی دہائیوں سے کررہے ہیں۔