اپوزیشن پچھتائے گی ، پاکستان خطے میں اہم ملک بننے جارہا : شیخ رشید
اسلام آباد(نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے میں اہم ملک بننے جارہا ہے اور اپوزیشن لاری اڈہ لاری اڈہ کررہی ہے۔وزارت داخلہ اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان ذمہ دار ایٹمی قوت کا حامل ملک ہے، ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں قربانیاں دی ہیں، پاک فوج نے ملک میں امن کے قیام کے لیے جدوجہد کی ہے، پاکستان کی فوج دنیا کی عظیم ترین فوج ہے،افغانستان صورتحال پر گہری نظر ہے، ہم نے 2 ہزار 600 کلومیٹر طویل بارڈر پر باڑ لگائی ہے، طالبان نے یقین دلایا ہے کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔شیخ رشید نے کہا کہ افغانستان سے آنے والوں کے لیے 21 دن اور ایک ماہ کے ٹرانزٹ ویزے دے رہے ہیں، افغانستان سے آنے والوں کے لیے پورے پاکستان کی بجائے صرف اسلام آباد تک ٹرانزٹ ویزے کا سلسلہ محدود ہے، مولانا فضل الرحمان نے شور مچادیا کہ امریکیوں کے لئے ہوٹل خالی کر دیئے، انہیں چاہیے کہ وہ سمجھداری کا مظاہرہ کریں، ہمیں ایک اور نیک ہوکر ملک کا بہتر تشخص اجاگر کرنا چاہیے۔ علماء سے کہنا چاہتا ہوں کہ چھوٹے چھوٹے مسئلوں سے نکل کر بڑے معاملات میں ساتھ دیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان بدل گیا ہے اب ہماری سیاست بھی بدلنے جا رہی ہے، اپوزیشن میں دنیا کے حالات سمجھنے کی صلاحیت نہیں، دنیا کی سب سے بڑی سیاست پاکستان کے اردگرد ہورہی ہے، بھارتی میڈیا پاکستان کے خلاف منفی پراپیگنڈے میں مصروف ہے ،پاکستان خطے میں اہم ملک بننے جارہا ہے اور پی ڈی ایم لاری اڈہ لاری اڈہ کررہی ہے، اپوزیشن پچھتائے گی۔ 2سال میں نیب کیسز کا فیصلہ ہوجائے گا۔