رحیم یار خان: ٹریکٹر ٹرالی سے تصادم، کار سوار 4 افراد جاں بحق
وزیر آباد، گوجرانوالہ،رحیم یار خان (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) تیز رفتار ڈمپر اور موٹر سائیکل کے حادثہ میں موٹر سائیکل سوار ماں بیٹا جاں بحق ہو گئے۔ وزیر آباد کے نواحی علاقہ پنڈوری خورد کا رہائشی 20سالہ محسب ناصر اپنی والدہ 43سالہ رفعت بی بی کے ساتھ موٹر سائیکل پر اپنے رشتہ داروں کو مل کر واپس گھر جا رہے تھے کہ جی ٹی روڈ خسڑہ بائی پاس کے قریب محالف سمت سے آنے والے تیز رفتار ڈمپر سے ٹکرا گئے جس کے نتیجہ میں ماں بیٹا شدید زخمی ہوگئے۔ دماغ میں شدید چوٹیں آنے سے دونوں موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔ ڈرائیور ڈمپر لیکر موقع سے فرار ہو گیا۔ ریسکیو 1122کی ٹیم نے دونوں نعشوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال پہنچا دیا۔ تیز رفتار کار ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکراگئی، حادثے میں کار سوار 4 افراد موقع پر جاں، 2 شدید زخمی ہوگئے ۔پولیس ذرائع کے مطابق یہ حادثہ کوٹسمابہ روڈ پر پیش آیا ہے، جہاں تیز رفتار کار ٹریکٹر ٹرالی سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں کارمیں سوار 4 افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ 2 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں،حادثے میں جاں بحق افراد میں محمد جاوید، پرویز، محمد اقبال، اور سمیرا بی بی، کے نام شامل ہیں جبکہ 2 زخمیوں کو ریسکیو کی مدد سے تشویشناک حالت میں شیخ زید ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ڈاکٹروں کے مطابق زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے، تاہم حادثہ تیزرفتاری اور ٹریکٹر ٹرالی کی لائٹس نہ ہونے کے باعث پیش آیا ۔پولیس کے مطابق حادثے کا شکار افراد کا تعلق، نواحی علاقے چک نمبر 86 پی سہجہ سے ہے ،پولیس نے لاشیں تحویل میں لے کر کاروائی شروع کردی ہے، جبکہ زخمی ہونے والے مقبول احمد اور شمیم بی بی کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔