سپریم کورٹ میں تعیناتی کیلئے لاہور ہائیکورٹ کے 3 سینئر ججوں کا ریکارڈ طلب
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) سپریم کورٹ میں خالی آسامی پر لاہور ہائیکورٹ کے جج کی تقرری کے معاملہ میں سپریم کورٹ نے تین ججوں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد امیر بھٹی، سینئر جج جسٹس ملک شہزاد احمد خان اور جسٹس شجاعت علی خان کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا۔ اس حوالے سے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس 9 ستمبر کو متوقع ہے۔ اجلاس میں صرف جسٹس عائشہ اے ملک کے نام پر غور کیا جائے گا۔ جسٹس عائشہ اے ملک سنیارٹی لسٹ میں چوتھے نمبر پر ہیں۔ وکلاء نے جونیئر جج کی بطور جج سپریم کورٹ تعیناتی کے فیصلے کی مخالفت کی تھی۔ جس کے بعد سپریم کورٹ نے سینئر ججوں کے نام بھی زیر غور لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وکلاء نے سپریم کورٹ کی خالی آسامی پر جونیئر جج کی تقرری پر احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔ سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار خواجہ محسن عباس کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ میں ہائیکورٹس کے سینئر ججوں کو سپریم کورٹ کا جج تعینات کیا جائے۔ جونیئر جج کی سپریم کورٹ میں تقرری منظور نہیں، تین سینئر ججوں کو نظر انداز کرنے کی وجوہات سامنے لائی جائیں۔