اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے جمہوریت مضبوط ہوگی: گورنر پنجاب
لاہور(نیوزرپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے ملک اور جمہوریت مزید مضبوط ہوگی۔ اپوزیشن جماعتیں ضد اور انا چھوڑ کر اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیلئے حکومت کا ساتھ دیں۔ کوئی شک نہیں کہ اوورسیز پاکستانی ہمارا سب سے بڑا اثاثہ ہیں۔ ان کو ووٹ کا حق دینے کی مخالفت کرنیوالی سیاسی جماعتیں جمہوریت کی نفی کر رہی ہیں۔ حکومت سسٹم میں بہتری لاکر سرمایہ کاروں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے تمام اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے۔ اوورسیز پاکستانی بیرونی ممالک میں ملکی مفادات کے امین ہیں۔ وہ سوموار کے روز گورنر ہائوس لاہور میں پاکستان یورپی یونین فیڈریشن پرتگال کے چیئر مین راجہ زوہیب ظفر اور چیئر مین پاکستان یورپی یونین فر ینڈ شپ پرویز اقبال لوسرکی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ اْنہوں نے کہا کہ مر کز اور پنجاب میں اوورسیز کمیشن بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور ان کو درپیش مسائل کے فوری حل کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا سب سے بڑا اثاثہ اوورسیز پاکستانی ہیں کیونکہ اوورسیز پاکستانیوں نے سب سے زیادہ زرمبادلہ پاکستان بھیجا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پہلے دن سے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کی بات کر رہے ہیں مگر بدقسمتی سے اپوزیشن جماعتیں اب بھی اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہی ہیں۔ چیئرمین پاکستان یورپی یونین فر ینڈ شپ پرویز اقبال لوسر نے اس موقع پر اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورکی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے حکومت کیساتھ کھڑے ہیں۔