خون میں پاکستان سے محبت ملی، علی گیلانی کا’’ نوائے وقت‘‘ کو انٹرویو
اسلام آباد ( انٹرویو: عبداللہ شاد) بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی پوری قیادت اور عوام نوائے وقت سے ایک دیرینہ تعلق رکھتی ہے۔ کیونکہ نوائے وقت نے قیام پاکستان سے لے کر اب تک کشمیریوں کا مقدمہ ہر محاذ پر لڑا۔ کشمیریوں کی امنگوں کی ترجمانی پر کشمیری قوم نوائے وقت کا شکریہ بھی ادا کرتی ہے۔ مقبوضہ کشمیر کا بچہ بچہ بھی اس بات کو جانتا ہے کہ ہمارے آباؤ اجداد نے پاکستان کے قیام سے 24 دن پہلے ہی فیصلہ سنا دیا تھا کہ ہم انشاء اللہ بننے والے پاکستان کا حصہ ہونگے۔ لیکن بھارت کی غاصبانہ روش کی وجہ سے ایسا نہ ہو سکا۔ ہمیں اپنے خون میں پاکستان سے محبت ملی ہے۔ ان خیالات کا اظہار آل پارٹیز حریت کانفرنس (گیلانی گروپ) کے سربراہ سید علی گیلانی نے نوائے وقت کو خصوصی انٹرویو دیتے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اور پاکستانی ایک ہی قوم ہیں، ہم ایک دوسرے سے نظریاتی، مذہبی، سماجی، سیاسی اور معاشرتی وابستگی رکھتے ہیں لیکن بھارتی غاصب فوج نے ہمیں ایک دوسرے سے دور رکھا ہے۔ بھارتی فوج نے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے تمام حریت رہنمائوں کو بدترین قید میں رکھا ہوا ہے، عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں اور مقبوضہ وادی اس وقت دنیا کی سب سے بڑی جیل بنی ہوئی ہے۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ ہم تمام 22 کروڑ پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ہمیشہ کشمیر کو اپنی شہ رگ مانا اور اپنی اخلاقی اور سفارتی حمایت کبھی کم نہیں ہونے دی۔ نو لاکھ بھارتی فوج نے 5 اگست 2019 سے مقبوضہ جموں و کشمیر کا بدترین محاصرہ کر رکھا ہے اور یہ سلسلہ بھی تک جاری ہے، ہر دس کشمیریوں پر ایک بھارت فوجی بندوق تانے کھڑا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اب پاکستان، کشمیر میں بھارتی مظالم کو عالمی برادری کے سامنے مزید موثر ڈھنگ سے اجاگر کرنے کیلئے اپنی سفارت کاری میں جارحیت پیدا کرے۔ کشمیری اور پاکستانی ایک ہی قوم ہیں اور ہم دو قومی نظریہ پر ایمان رکھتے ہیں۔