• news

’’علی گیلانی آزادی کیلئے وقف تھے‘‘پاکستانی، کشمیری رہنمائوں کا خراج عقیدت

لاہور (نوائے وقت رپورٹ+خصوصی نامہ نگار) حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے سید علی گیلانی کے انتقال پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سارے جموں و کشمیر کے عوام یتیم ہو گئے۔ جموں و کشمیر کے عظیم ترین رہنما کو ہم نے کھو دیا۔ وہ رہنما جس نے ہمیشہ حق کی بات کی اور ڈٹے رہے۔ سید علی گیلانی نے دن رات آزادی کیلئے جدوجہد کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سید علی گیلانی بہادر کشمیری رہنما تھے۔ آزادی کشمیر کیلئے بے پناہ قربانیاں دیں۔ تحریک آزاد کشمیر کیلئے ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وہ آخری سانس تک تحریک آزادی کشمیر کا حصہ رہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ سید علی گیلانی کی رحلت کا سن کر دل رنجیدہ ہے۔ بھارتی ظلم کا دلیری سے مقابلہ کیا۔ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ سید علی گیلانی نے ہمیشہ بھارتی مظالم کیخلاف آواز بلند کی۔ فواد چودھری‘ گورنر پنجاب چودھری سرور، مولانا فضل الرحمن، بلاول بھٹو‘ محبوبہ مفتی، شاہ محمود قریشی، راجہ ناصر عباس، شیخ رشید، چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل،  سراج الحق،  امیر العظیم،  لیاقت بلوچ، راشد نسیم، پروفیسر محمد ابراہیم، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، میاں محمد اسلم، ڈاکٹرفرید احمد پراچہ، اسد اللہ بھٹو، حافظ ساجد انور، اظہر اقبال حسن، محمد اصغر، سید وقاص جعفری، سید بختیار معانی، مولانا عبدالمالک، پروفیسر خورشید احمد، حافظ محمد ادریس اور  قیصر شریف نے سید علی گیلانی کے انتقال پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن